10جنوری تک موسمی صورتحال میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں، 11اور 12جنوری کو برفباری کے ایک اور مرحلہ کی پیشگوئی
سرینگر // بھاری برفباری کے بعد چلہ کلان کے سخت تیور کے بیچ سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ گلمرگ اور پہلگام سرد ترین جگہیں رہیں جہاں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی6.6ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی7.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے اگلے ایک ہفتے تک موسمی صورتحال مجموعی طور پر بہتر رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ موسمی صورتحال میں 11جنوری کے بعد ہی تبدیلی آسکتی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق شدید سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اس دوران صبح و شام یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے عام زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے۔اگرچہ رات بھر آسمان کھلا رہتا ہے تاہم اس دوران کھلے آسمان کی وجہ سے سردی میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے جبکہ رات کے وقت ہڑیوں کو گلا دینے والی اس سردی کی وجہ سے بیشتر لوگ گھروں سے باہر نہیں آتے۔دن بھر اگر چہ کبھی کبھی فضاء میں سورج بھی جلوا ہ افروز ہوتا تاہم اس دوران بھی سرد ہواؤں کی لہر سورج کی تمازت کو کھا جاتی ہے۔شہر سرینگر سمیت وادی کے جنوب و شمال میں سردیو ں کی وجہ سے صبح دیر سے دن شروع ہوتا ہے اور شام کو جلد ہی رات ہونے کی وجہ سے اوقات کار میں بھی کمی آئی ہے۔ موسم سرماکی آمد کے ساتھ ہی وادی میں عام زندگی اگر چہ متاثر ہوتی ہے تاہم سخت ترین سردیوں اور یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے اس میں اضافہ ہوتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گی۔وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ جہاں قریب دوفٹ تازہ برف جمع ہے میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4ڈگری سیلشس درج کیا گیا ۔ اسی دوران محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے اور مجموعی طور پر موسم ایک ہفتے تک خشک رہنے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر میں موسم عام طور پر اگلے چند دنوں تک خشک رہنے کے ساتھ سردی کی صورتحال برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ 8 اور 9 جنوری کو موسم عام طور پر خشک رہے گا جبکہ 11اور 12جنوری کے درمیان چند ایک مقامات پر برفباری کی پیشگوئی ہے ۔










