Sakeena Itoo

بٹہ مالو میں منی سیکرٹریٹ کی تعمیر پر 9.82کروڑ روپے خرچ ہوئے۔سکینہ اِیتو

جموں//بٹہ مالو میں منی سیکرٹریٹ کی تعمیر پر اَب تک 9.82 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔یہ معلومات وزیر برائے تعلیم سکینہ اِیتو نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے رُکن قانون ساز اسمبلی طارق حمید قرہ کے سوال کے جواب میں ایوان کو فراہم کیں۔اُنہوں نے ایوان کو مزید بتایا کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کا فیصلہ 4 ؍اکتوبر 2017 ء کو وزیر اعلیٰ (چیئرمین ضلعی ترقیاتی بورڈ) کی صدارت میں منعقدہ ضلعی ترقیاتی بورڈ میٹنگ میں کیا گیا تھا۔یہ پروجیکٹ جس کا نام ’’بٹہ مالو میں منی سیکرٹریٹ کی تعمیر‘‘ ہے، 2018 ء میں شروع ہوا اور اِس کی تکنیکی طور پر تصدیق شدہ لاگت 48.23 کروڑ روپے تھی۔وزیر نے کہا ،’’ اِس منصوبے کے لئے ایک کروڑ روپے جاری کئے گئے تھے جس میں سے 82 لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔‘‘اُنہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ مالی برس کے دوران اضافی 9 کروڑ روپے خرچ کئے گئے جس سے اَب تک اِس منصوبے پر کُل9.82 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا ،’’یہ بات قابل ذِکر ہے کہ پروجیکٹ کے پائل فائوندیشن کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔‘‘وزیر نے مزید کہا کہ عمل آوری ایجنسی نے اَب اِس منصوبے کی نظرثانی شدہ تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ (ڈِی پی آر) جمع کی ہے جس کی لاگت 80.26 کروڑ روپے ہے، جو اِس وقت محکمہ کے زیر غور ہے۔