بطخ کشمیر میں سردیوں کی پسندیدہ پکوان،ٹھٹھرتی سردی میں جسمانی حرارت بخشنے والا غذا

سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں لوگ بطخ پالتے ہیں اور یہ کئی لوگوں کے لیے معاش کا اہم ذریعہ ہے

سرینگر// وادی کشمیر کے لوگ موسم سرما کے دوران نہ صرف اپنے پہنائے میں تبدیلی لاتے ہیں بلکہ ٹھٹھرتی سردی سے بچاؤ کی خاطر اپنے کھانے پینے کے طور طریقے بھی تبدیل کرتے ہیں۔ خود کو دن بھر گرم رکھنے کے لیے جہاں اس موسم میں روایتی ہریسہ کی مانگ بڑھ جاتی ہے۔ وہیں بطخ کی خرید و فروخت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق یہ ایک ایسا پکوان ہے جو کہ مقامی لوگ اس موسم میں کھانا بے حد پسند کرتے ہیں۔ کیونکہ بطخ یا گیز کا پکوان نہ صرف ذائقہ دار ہوتا ہے بلکہ یہ ڈشز گرم رکھنے کے لیے پروٹین کا ایک اہم ذریعہ بھی ہیں۔ایسے میں ان دنوں بجبہاڑہ اننت ناگ میں زندہ یا تازہ ذبح شدہ بطخ یا گیز فروخت کرنے والی دکانوں میں خریداروں کا رش دیکھنے کو ملتاہے۔ لوگ اپنی پسند اور ذائقہ کے اعتبار سے بطخ یا گیز کی فروخت بڑے شوق سے کرتے ہوئے دیکھے جاتے ہیں۔ بطخ اور گیز کھانے کے شوقین کہتے ہیں کہ سال کے دیگر موسموں کے مقابلہ سرما میں بطخ یا گیز کا پکوان زیادہ ہی لذیذ اور ذائقہ ہوتا ہے اور یہ سردیوں کی خوراک کا لازمی حصہ ہے۔سرینگر کے کئی علاقوں سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں لوگ بطخ اور گیز پالتے ہیں اور یہ کئی لوگوں کے لیے معاش کا اہم ذریعہ ہے۔ 70 سالہ حبیب اللہ ملک نے وی او آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کئی برسوں سے گھریلوں طریقہ سے ہم بطخوں اور گیز پالتے ہیں اور پھر بازار میں فروخت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما کے مقابلے میں سردی کے موسم میں ہی ان کی مانگ زیادہ رہتی ہیں۔ ایسے میں نہ صرف ہم اپنا مال دوکانداروں کو فروخت کرتے ہیں بلکہ عام لوگ بھی ہم سے بطخ یا گیز لیتے ہیں۔شہر سرینگر میں ایسے کئی ریستوران بھی ہیں جہاں بطخ یا گیز کے مختلف ڈشز تیار کیے جاتے ہیں اور لوگ اپنی پسند اور ذائقہ کے مطابق ان کے پکوان کو کھانا پسند کرتے ہیں۔ بٹہ مالو میں بطخ اور گیز فروخت کرنے والا دوکاندار ماضی کو یاد کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ تقریباً “ہر گھر میں بطخ اور گیز پالے جاتے تھے لیکن اب یہ روایت ختم ہورہی ہے۔ اب کوئی کوئی ہی ایسا گھرانہ ہے جو شوقیہ طور پر ان کو پالنا پسند کرتا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس وقت جو مال ہمارے پاس فروخت کے لیے دستیاب ہیں وہ جھیل وولر کا ہے جو کہ اپنی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ کشمیر جہاں اپنے الگ الگ موسموں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ وہیں یہ مخصوص روایتی پکوان کے اعتبار سے بھی اپنی ایک خاص پہچان رکھتا ہے۔