گریز ایک سیاحتی مقام کے طور پر اُبھر رہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج کہا کہ وادیٔ گریز نے حال ہی میں ایک سیاحتی مقام کے طور پر اہم شناخت حاصل کی ہے اور محکمہ سیاحت گریز کے لئے ٹوراِزم ڈیولپمنٹ اَٹھارٹی کے قیام کی ضرورت کا جائزہ لے گا۔وزیر اعلیٰ نے رکن قانون ساز اسمبلی نذیر احمد خان گریزی کے ایک سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ جموں و کشمیر کی وادیٔ گریزحال ہی میں ایک سیاحتی مقام کے طور پر توجہ کا مرکز بن چکی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’ 2022میں گریز وادیٔ کو’ بہترین بیٹ آف ڈیسٹینیشن‘کا ایوارڈ ملا جو اِس کی منفرد اور اُبھرتی ہوئی سیاحتی جگہ کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘وزیر اعلیٰ، جن کے پاس سیاحت کا قلمدان بھی ہے ، نے مزید کہا کہ ستمبر 2023 ء میں گریز کی داور گاؤں کو مرکزی وزارت سیاحت کی طرف سے گولڈ زُمرے میں’’ بہترین سیاحتی گائوں‘‘ کا ایوارڈ دیا گیاتھا۔انہوں نے قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا ،’’ یہ اعزاز گائو کی ثقافتی دولت اور سیاحتی صلاحیت کو اُجاگر کرتا ہے ۔‘‘اُنہوں نے گریز کو ایک نئے سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لئے مزید کہا کہ محکمہ سیاحت نے جموں و کشمیر کئی اقدامات کئے ہیں اور 2024 ء میں گریز میں پہلی بار کمرشل رافٹنگ شروع کی گئی۔وزیر اعلیٰ نے اَپنے جواب میں بتایا کہ اِس کے علاوہ موجودہ مالی سال کے دوران محکمہ سیاحت جموںوکشمیر نے گریز کو ایک آف بیٹ مقام کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ بنایا ہے جو موجودہ سال کی کیپکس بجٹ (2024-25ء) کے تحت ہے۔










