شبانہ درجہ حرارت میں بہتری ، سردی کا سخت زور جاری ، 31جنوری سے 3فروری تک درمیانہ درجے کی برفباری کا امکان
سرینگر//سوموار کی صبح وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں بوندا باندی کے بیچ شبانہ درجہ حرارت وادی کے اکثر علاقوں میں منفی انجماد سے نیچے ہی رہا جس کے نتیجے میں شبانہ سردی کازور برقرار رہا ۔ سونہ مرگ، گلمرگ ، زوجیلا پاس ، مغل شاہراہ ، بانڈی پورہ گریز روڑ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے 31جنوری سے 3فروری تک درمیانہ سے بھاری برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ عین ممکن ہے کہ اس مدت میں بلائی اور میدانی علاقوںمیں سخت برفباری اور بارش ہوسکتی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق سوموار کی صبح وادی کشمیر میں بہت سے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی،جبکہ میدانی علاقوں میں پیر کو بارش ہوئی۔ سرینگر لہہ شاہراہ پر زوجیلادرے کے پاس، سونہ مرگ، افروٹ پہاڑیوں اور گلمرگ کے علاوہ بانڈی پورہ گریز روڑ اور سمتھن ٹاپ ، شوپیاں کو پیر پنچال خطے سے ملانے والے مغل روڑ پر بھی سوموار کو تازہ برفباری دیکھنے کو ملی ۔ جبکہ وادی کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ شب درجہ حرارت منفی نقطہ انجما د سے نیچے رہا جس کی وجہ سے شبانہ سردیوںکا زور برابر جاری رہا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گلمرگ اور گریز کے سکی ریزورٹس اور شمالی کشمیر کے کپواڑہ کے اونچے علاقوں میں پیر کو تازہ برف باری ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں واقع سونمرگ سیاحتی مقام پر بھی تازہ برف باری ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ سرینگر،لیہہ ہائی وے پر زوجیلا ایکسس کے ساتھ ساتھ لداخ کے دراس میں بھی برف باری کی اطلاعات ہیں۔حکام نے اہم سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے لوگوں اور مشینری پر زور دیا ہے۔ وادی کے میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔پچھلے کچھ دنوں سے میدانی علاقوں میں ابر آلود آسمان نے کشمیر کے بیشتر حصوں میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے اوپر پہنچا دیا ہے۔ادھر سرینگر میں گزشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.7 ڈگری سیلسیس، قاضی گنڈ میں 2.0 ڈگری سیلسیس، کوکرناگ میں 0.5 ڈگری سیلسیس اور کپواڑہ میں 1.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔گلمرگ میں منفی 3.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا اور وادی میں وہ واحد جگہ تھی جہاں رات کا درجہ حرارت صفر سے نیچے تھا۔محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش،برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔اس نے کہا کہ اگلے دو دنوں میں وسیع پیمانے پر ہلکی سے درمیانی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔کشمیر اس وقت ’’چِلا کلاں‘‘ کی گرفت میں ہے، جو کہ 40 دن کی سخت سردی کی مدت ہے جب سردی کی لہر خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے اور درجہ حرارت کافی حد تک گر جاتا ہے جس کی وجہ سے آبی ذخائر اور پائپوں میں پانی جم جاتا ہے۔










