عملے کو معقول بنانے کا کام شروع اور جلد ہی مکمل ہونے کی توقع
جموں// وزیر برائے تعلیم سکینہ اِیتو نے آج کہا کہ بارہمولہ ضلع کے چار تعلیمی زونوں میں 196 سرکاری تعلیمی ادارے فعال ہیں جن میں بارہمولہ ، چندوسہ ، فتح گڈھ ، سنگھ پورہ کلاںکے تعلیمی زونوں میں ہائیر سیکنڈری سکول، ہائی سکول، مڈل اور پرائمری سکول شامل ہیں۔ یہ تعلیمی ادارے طلباء کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔وزیر موصوفہ نے بتایا کہ زون بارہمولہ، چندوسہ اور فتح گڈھ میں صرف 3 پرنسپل اور 5 ہیڈ ماسٹر کی اَسامیاں خالی ہیں۔ وزیر تعلیم قانون ساز اسمبلی میں جاوید حسن بیگ کے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ بارہمولہ کے تعلیمی زونوں میں 22 سکول عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔وزیر موصوفہ نے کہا کہ 2005 ء کے اَرتھ کیویِک رِی کنسٹرکشن پروگرام اور ایس ایس اے کے تحت 29 تعمیراتی منصوبے شروع کئے گئے تاکہ بارہمولہ میں طلباء کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اُنہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ متروکہ سکول عمارتوں کی جگہ نئی عمارتوں کی تعمیر اور نامکمل سکولوں کی تکمیل کا منصوبہ ’’ سماگراہ شکھشا‘‘، کیپکس اور ڈِسٹرکٹ کیپکس یو ٹی سکیم کے تحت تجویز کیا گیا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بارہمولہ ضلع میں تدریسی عملے کو معقول بنانے کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے جو جلد ہی مکمل ہو جائے گا۔وزیر موصوفہ نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بارہمولہ میں 90 نچلے درجے کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کو ترقی دے کر اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا گیا ہے۔










