بارہمولہ میں منشیات فروش گرفتار ، ممنوعہ مادہ ضبط

بارہمولہ پولیس نے7اسمگلرگرفتار،1270گرام ہیروئین جیسا مادہ برآمد

بارہمولہ//بارہمولہ پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف مہم تیز کرتے ہوئے2الگ الگ کارروائیوںکے دوران7اسمگلروں کوگرفتار کرکے اُن کی تحویل سے1270گرام ہیروئین جیسا مادہ برآمد کرکے ضبط کرلیا ۔جے کے این ایس کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں بتایاکہ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بارہمولہ سیدسجاداحمد کی نگرانی میں ایس ایچ ائو پولیس تھانہ بارہمولہ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم نے نانک بھون بارہمولہ کے نزدیک ایک چھاپے کے دوران4منشیات اسمگلروں محمدسفیرجگوال ساکنہ بانڈی سرائے اوڑی ،عبدالرشیدبٹ ساکنہ سری پارہ رفیع آباد،محمدیوسف گوجری ساکنہ محلہ سعیدکریم بارہمولہ اوراعجاز احمد راتھر ساکنہ ماگرے پورہ وسن پٹن کوگرفتار کرکے اُنکی تحویل سے موقعہ پرہی 970گرام ہیروئین جیسامادہ ضبط کرلیا ۔چاروں ملزمان کی گرفتاری عمل میں لاکراُن کولاک اِپ میں ڈالاگیا۔اس دوران ایس ایچ ائو بارہمولہ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم محلہ دیوان باغ بارہمولہ میں چھاپہ ڈالکر تین منشیات فروشوں محمدعارف وانی ساکنہ درنگہ بل بارہمولہ حال پوشہ باغ فتح پورہ،عبدالطیف شاہ ساکنہ گرکوٹ اوڑی اورشاہدمجیدبٹ ساکنہ محلہ میرصاحب بارہمولہ کوگرفتار کرکے اُن کی تحویل سے موقعہ پرہی300گرام ہیروئین جیسا مادہ برآمد کرکے ضبط کیا۔ان تینوں ملزمان کوبھی گرفتار کرکے لاک اِپ میں ڈالاگیا۔ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمدبٹ نے پولیس کارروائیوںکی سراہنا کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ نوجوان نسل کی صحت وزندگیوں اورمستقبل سے کھلواڑکرنے والے منشیات فروشوں کاقلع قمع کرنے میں تعاون جاری رکھیں ۔انہوںنے کہاکہ منشیات فروشوں کیخلاف اپنی مہم کوجاری رکھنے کیساتھ ساتھ بارہمولہ پولیس عوام بالخصوص نوجوانوں اوربچوں کومنشیات ونشہ آورادویات کے استعمال کے مضروخطرناک اثرات کے بارے میں آگاہی وجانکاری فراہم کرنے کااپنامشن جاری رکھے گی ۔