سری نگر// ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعلیم شانت منو نے آج سری نگر ضلع کے مختلف سکولوں کا دورہ کیااور اُنہوں نے وہاں متعدد اِمتحانی مراکز کا معائینہ کیا اور طلباء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔معائینے کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعلیم کے ہمراہ ناظم سکولی تعلیم ڈاکٹر جی این اِیتو بھی تھے ،جنہوں نے اُنہیں جاری اِمتحانات اور طلباء کے لئے کئے گئے اِنتظامات سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ شانت منو نے گرلز ہائیر سیکنڈری سکول کوٹھی باغ میں گیارہویں جماعت کے اِمتحانی مرکز کا معائینہ کرتے ہوئے طلباء سے بات چیت کی اور اِمتحانی پرچوں اور دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔اِس موقعہ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے سکولی تعلیم محکمہ کی جانب سے اِمتحانی مراکز میں کئے گئے اِنتظامات پر اطمینان کا اِظہار کیا اور تمام سکول سربراہان کوخراب موسم کے پیش نظر اِمتحانی ہالوں میں مناسب گرمائش کا بندوبست یقینی بنانے کی ہدایت دی۔










