محکمہ تعمیراتِ عامہ کے کام کاج اور فنڈز کے اِستعمال کا جائزہ
سری نگر//ایسٹیمٹس سے متعلق ایوان کی کمیٹی نے آج سری نگر کے اسمبلی کمپلیکس میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں محکمہ تعمیراتِ عامہ کے کام کاج اور فنڈز کے اِستعمال کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کی صدارت کمیٹی کی چیئرپرسن شمیم فردوس نے کی اور اِس میں ممبران عبدالمجید بٹ (لارمی)، غلام محی الدین میر، پون کمار گپتا، پروفیسر گھارورام بھگت، ڈاکٹر شفیع احمد وانی، چندر پرکاش گنگا اور پیارے لال شرما موجود تھے۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری محکمہ خزانہ سنتوش دی ویدیا، سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی بھوپندر کمار، ڈائریکٹر جنرل اکاؤنٹس اینڈ ٹریجریزفیاض اے لون، ڈائریکٹر فائنانس، ڈائریکٹر پلاننگ، چیف اِنجینئرپی ڈبلیو ڈی، فائنانشل کمشنر جے کے بی سی سی اور متعلقہ محکموں کے دیگر اَفسران نے بھی شرکت کی۔چیئرپرسن شمیم فردوس نے جموںوکشمیر میں پی ڈبلیو ڈِی کے تحت ترقیاتی منصوبوں اور کاموں کو تیز کرنے کے لئے سخت نگرانی، مؤثر فنڈز مختص کرنے اورمؤثر اِستعمال کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے جاری اور اِلتوأشدہ منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی تاکہ عوام کو سہولیت فراہم کی جا سکے۔کمیٹی نے اراکین اسمبلی کے لئے اِختیاری بنیادوں پر حلقہ ترقیاتی فنڈز (سی ڈِی ایف) کے اِستعمال کو آسان بنانے پر بھی غورو خوض کیا۔اراکین نے فنڈز کی بروقت فراہمی اور تمام خطوں میں مساوی و جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ایک اصولی طریقۂ کار اَپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔چیئرپرسن نے اَفسران کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کے فوری اَزالے اور مؤثر ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی عوامی اُمنگوں کے ترجمان ہوتے ہیں اور اُنہیں اَپنی صلاحیتوں کے مطابق کام کرنا چاہیے۔کمیٹی نے ایمرجنسی فنڈز کے اِستعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ ان کا فائدہ زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچ سکے۔دورانِ میٹنگ اراکین نے فنڈز کی تقسیم اور منصوبوں کی تکمیل سے متعلق تجاویز دیں اور خدشات کا اظہار کیا جس پر افسران نے یقین دلایا کہ ترقیاتی کاموں کو مربوط اور مؤثر طریقے سے مکمل کیا جائے گا۔کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ کلیدی محکموںکے کام کاج، بجٹ ایسٹمیٹس، نظرثانی شدہ تخمینے اور ترقیاتی اخراجات کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔










