امر ناتھ یاترا کے دوران دل کا دورہ، ایک یاتری جاں بحق

سرینگر/وی او آئی// شمالی بھارت کی ریاست اتر پردیش سے تعلق رکھنے والا ایک 49 سالہ امرناتھ یاتری اتوار کو وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں دورانِ یاترا مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔وی او آئی کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایا کہ متوفی کی شناخت راکیش کمار سونی ولد شہنرون سونی ساکن پانٹ نگر، اتر پردیش کے طور پر کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق یاتری کو سینے میں شدید درد کی شکایت کے بعد فوری طور پر ضلع اسپتال گاندربل منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں بہتر طبی سہولیات کے لیے صورہ کے ایس کے آئی ایم ایس (SKIMS) ریفر کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ جب انہیں اسپتال لایا گیا تو وہاں موجود ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ ابتدائی شبہ یہی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔متعلقہ حکام نے واقعے کی اطلاع متوفی کے لواحقین تک پہنچا دی ہے، جب کہ یاترا انتظامیہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امرناتھ یاترا کے دوران ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔