جموں//اسپیکر قانون ساز اسمبلی جموں و کشمیر ایڈووکیٹ عبدالرحیم راتھر نےپٹنہ بہار میں 85 ویں آل انڈیا پریزائیڈنگ آفیسرز کانفرنس 2025 میں شرکت کی اور خطاب کیا ۔ اس کانفرنس کا افتتاح لوک سبھا کے اسپیکر شری اوم برلا نے کیا تھا اور اس کا انعقاد ’’آئین کی 75 ویں سالگرہ :آئینی اقدار کو مضبوط بنانے میں پارلیمنٹ اور ریاستی قانون ساز اداروں کا تعاون ‘‘کے موضوع پر کیا گیا تھا ۔ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ عبدالرحیم راتھر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آئین نہ صرف نظام حکومت قائم کرنے کیلئے ایک اہم ہتھیار کے طور پر کام کرتا ہے بلکہ یہ ہماری شان و شوکت کو بحال کرنے کا روڈ میپ ہے ۔ اسپیکر نے کہا کہ ہمارا آئین آئینی مشینری کے ذریعے شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے پوری طرح پرعزم ہے اور ہمارا آئین ترقی پسند ، جامع اور تبدیلی پر مبنی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے آئین کی 75 ویں سالگرہ ہماری کامیابیوں پر غور کرنے ، اپنی کوتاہیوں کو تسلیم کرنے اور ان اقدار کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کا ایک موقع ہے جنہوں نے ہماری قوم کو تشکیل دیا ہے ۔ اسپیکر نے کہا کہ مرکزی سطح پر پارلیمنٹ اور ریاستی سطح پر ریاستی مقننہ نے 75 سال کے اس سفر میں آئینی اقدار کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے آئین کے محافظ اور ترجمان کے طور پر سپریم کورٹ کے کردار کو بھی سراہا ۔ سپیکر نے اپنے خطاب میں حکومت جموں و کشمیر کی طرف سے وقتاً فوقتاً اٹھائے گئے مختلف اقدامات اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے بنائے گئے قانون سازی کا بھی خاکہ پیش کیا ۔ سیکرٹری جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی منوج کمار پنڈتا بھی کانفرنس میں اسپیکر کے ساتھ تھے ۔










