dooran

آمدہ کدل سرینگر میں کوکر ناگ کا 18سالہ نوجوان پُر اسرار طو رپر مردہ پایا گیا

لواحقین نے لگایا قتل کا الزام ، ملوثین کی نشاندہی کرکے انہیںسز ا دینے کا کیا مطالبہ

سرینگر /// سرینگر کے آمدہ کدل علاقے میں کوکر ناگ سے تعلق رکھنے والے 18سالہ نوجوان پُر اسرار طو رپر مردہ پایا گیا جس کے بعد لواحقین نے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔ سی این آئی کے مطابق آمدہ کدل سرینگر میں کوکرناگ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کی نعش اس کے کرایہ کے کمرے میں پائی گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ شوکت احمد نائیکو ولد غلام حسن نائک ساکنہ اہلن گڈول کوکرناگ علاقے میں کمرے کے کرایہ پر رہائش پذیر تھا جس کے بعد جمعہ کی صبح اس کی نعش کمرے میں پڑی ہوئی ملی ۔ ذرائع نے بتایا کہ وہاں دیگر مکینوں نے پولیس کو مطلع کیا جنہوں نے موقعہ پر پہنچ کر نعش کو اپنی تحویل میں لیا اور اس کو پوسٹ مارٹم کیلئے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ادھر لواحقین نے الزام عائد کیا کہ ان کے لخت جگر کو ایک منظم سازش کے تحت قتل کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شوکت احمد کا گلا کٹا ہوا تھا اور اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اس کا قتل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں جو بھی ملوث ہوگا ان کیخلاف کارورائی ہونی چاہئے ۔