کان کنی اورصنعت و حرفت محکموں کے آڈِٹ پیراز پر تبادلہ خیال
سری نگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ایک اہم میٹنگ اسمبلی کمپلیکس سری نگر میں منعقد ہوئی جس میں محکمہ کان کنی اور صنعت و تجارت سے متعلق آڈِٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کی صدارت چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی شیام لال شرما نے کی۔ میٹنگ میں اراکین مُبارک گُل ، جاوید حسن بیگ ، دیویندر کمار منیال ، سجاد شاہین اور مظفر اِقبال خان نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ کمیٹی نے سال 2011-12 ء کا پیرا 2.14، 2000-01 ء کا پیرا 3.14، 2003-04 ء کا پیرا 4.10 اور 2015-16 ء کا پیرا 3.13 کاتفصیلی جائزہ لیا۔کمیٹی نے مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں سیڈ کو اومپورہ میں اِنڈسٹریل ایکسپورٹ پروموشن پارک کے لئے اَراضی کا حصول، براڈ بینڈ سیسموگراف کی خریداری اور سیسموگراف آبزرویٹری کا قیام، راجوری میں ہینڈلوم زون آفس کمپلیکس کی تعمیر اور عوامی فنڈز کے اِستعمال شامل تھے۔چیئرمین نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ اِنڈسٹریل ایکسپورٹ پروموشن پارک پروجیکٹ کے بارے میں جامع رپورٹ پیش کریں اور جہاں ضرورت ہو وہاں جوابدہی طے کی جائے۔اُنہوں نے جموں و کشمیر بھر میں غیر قانونی کان کنی پر روک لگانے اور جدید ٹیکنالوجی کے اِستعمال سے نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے پر زور دیا تاکہ وسائل کادیرپا اِستعمال یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے تمام زیر بحث معاملات پر وقت مقررہ میں ایکشن ٹیکن رپورٹس (اے ٹی آر) پیش کرنے کی ہدایت بھی دی۔
میٹنگ میں پرنسپل اکاؤنٹنٹ جنرل جموں و کشمیر کے پی یادو، پرنسپل سیکرٹری مائننگ انیل کمار سنگھ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ، سیکرٹری صنعت و حرفت خالد جہانگیر، سیکرٹری اسمبلی منوج کمار پنڈتا، ڈِی جی اکاؤنٹس اینڈ ٹریجریز ایف اے لون، ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم، ڈائریکٹر جیولوجی اینڈ مائننگ، منیجنگ ڈائریکٹر سیڈکو( ایس آئی ڈی سی او)، ڈائریکٹر فائنانس اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔شیام لال شرما نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رول شفافیت، مالیاتی نظم و ضبط اور جوابدہی کو یقینی بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ اُنہوں نے سرکاری اخراجات کی جانچ، سی اے جی آڈِٹ رپورٹس کی جانچ، کوتاہیوں کی نشاندہی کرنے اور ضروری اصلاحات کی سفارش کرنے کے لئے کمیٹی کا بنیادی مشن قرار دیا۔اُنہوں نے کمیٹی کے اَرکان اور اَفسران کی محنت اور وابستگی کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ اعلیٰ معیار کی نگرانی اوربہتر حکمرانی عوامی جوابدہی کے لئے اَپنا بھرپور رول اَدا کریں۔