اِنٹرنل اسیسرزکم سروس پرووائیڈرزکیلئے تین روزہ تربیت کا آغاز
سری نگر//نیشنل کوالٹی ایشورنس سٹینڈرڈز (این کیو اے ایس) کے تحت اِنٹرنل اسیسرز کم سروس پرووائیڈرز کے لئے ایک تین روزہ تربیتی پروگرام کا آج اِنسٹی چیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ پبلک ایڈمنسٹریشن (آئی ایم پی اے)سری نگر میں آغاز ہوا۔ یہ تربیت 23 ؍جولائی 2025 ء تک جاری رہے گی۔یہ پروگرام نیشنل ہیلتھ مشن (این ایچ ایم) جموں و کشمیر کی جانب سے نیشنل ہیلتھ سسٹمز ریسورس سینٹر (این ایچ ایس آر سی) مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے اِشتراک سے منعقد کیا جاتاہے۔اِفتتاحی سیشن کا اِفتتاح مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم جموں و کشمیر بصیر الحق چودھری نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیرڈاکٹر بخشی جہانگیر کی موجودگی میں کیا اور کنسلٹنٹ کیو پی ایس ڈویژن این ایچ ایس آر سی، ایم او ایچ اینڈ ایف ڈبلیو ڈاکٹر ونیتا دھنکھر تربیت کی چیف ریسورس پرسن ہیں۔اِس سیشن میں ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز اور نیشنل ہیلتھ مشن جموںوکشمیر کے سینئر اَفسران نے بھی شرکت کی۔اِس موقعہ پر مشن ڈائریکٹراین ایچ ایم نے اَضلاع اور بلاک سطح پر کام کرنے والی ٹیموں کی معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ عوامی صحت سہولیات میں معیار کو برقرار رکھنا اور بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔یہ صلاحیت سازی کا پروگرام صحت کے پیشہ ور افراد کو اندرونی جائزہ لینے اور خدمات کی بہتری کے لئے درکار مہارتیں فراہم کرنے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے۔ شرکأ میں صوبہ کشمیر کے ہر ضلع اور بلاک سے چیف میڈیکل اَفسران، بلاک میڈیکل اَفسران، میڈیکل اَفسران اور پروگرام مینجمنٹ سٹاف شامل ہیں۔شرکأ کا تربیت مکمل ہونے کے بعد ایک تجویزی جائزہ بھی لیا جائے گا جس میں کامیاب اُمیدواروں کو داخلی اسسمنٹ کا سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔تصدیق شدہ جائزہ کار اَپنے متعلقہ اضلاع میں معیار کی نگرانی اور خدمات میں اضافہ کریں گے اور مرکزی حکومت کے عوامی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور کوالٹی سرٹیفکیشن حاصل کرنے کے ہدف میں معاون ثابت ہوگا۔یہ تربیت نیشنل ہیلتھ مشن اور محکمہ صحت و طبی تعلیم، حکومت جموں و کشمیر کے معیار کی یقین دہانی اور صحت خدمات میں مسلسل بہتری کے عزم کی مظہر ہے۔