اسپین میں آباد این آر آئیز سے ’مدھیہ پردیش گلوبل ڈائیلاگ 2025‘ کے تحت وزیر اعلیٰ کی بات چیت
بھوپال/یواین آئی// مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اسپین میں آباد ہندوستانیوں کو مدھیہ پردیش میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ سرمایہ کاری کے لیے ریاست آئیں، انہیں تمام سہولیات کا فائدہ ملے گا۔وزیراعلی کل دیر رات اسپین میں آباد این آر آئیز سے مدھیہ پردیش گلوبل ڈائیلاگ 2025′ کے تحت بات کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں دنیا ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے ۔ یہ وقت ملک کے شہریوں کے جوش اور ولولے سے لبریز ہونے کا ہے ۔ جلد ہی ہندوستان دنیا کی تیسری اقتصادی سوپر پاور بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش ’شوبھاسیہ شیگرام‘ کے احساس پر سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔ مدھیہ پردیش میں کافی لینڈ بینک ہے ۔ ہم نے بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کو لیٹر آف اتھارٹی فوری طور پر حوالے کر دیے ہیں۔ مدھیہ پردیش حکومت ’ترنت دان ۔ مہا کلیان‘کے احساس پر عوامی مفاد میں کام کر رہی ہے ۔ ریاست میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو ریاستی حکومت سے تمام سہولیات کا فائدہ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سرمایہ کاروں سے وعدہ پورا کیا اور ڈی بی ٹی کے ذریعے 5200 کروڑ روپے ان کے کھاتوں میں منتقل کئے ، جس طرح کی چھوٹ کا ہم نے وعدہ کیا تھا اسے پورا کیا۔ اسپین بہت اچھا ملک ہے اور ہندوستانیوں نے دودھ میں چینی کی طرح ملا کر اسپین کے لوگوں کی خوشی اور بھی بڑھا دی ہے ۔ڈاکٹر یادو نے کہا کہ دہلی میٹرو مدھیہ پردیش کے کرنٹ پر چل رہی ہے ۔ ریاست کے 32 لاکھ کسان شمسی توانائی سے آبپاشی کر سکیں گے ۔ ریاست میں دو سے 2000 میگاواٹ تک شمسی توانائی کی پیداوار میں چھوٹ دی جارہی ہے ۔ مدھیہ پردیش میں سرمایہ کاری کرنے پر آپ کو تمام سہولیات کا فائدہ بھی ملے گا۔نوجوانوں کے لیے کی جا رہی کوششوں کی تفصیلات دیتے ہوئے ریاست کے سربراہ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ حکومت مدھیہ پردیش کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے ۔ اب آئی ٹی پارک نہ صرف اندور بلکہ بھوپال، اجین، گوالیار، جبل پور اور ریوا میں بھی بنائے جارہے ہیں۔ ریاست کے سب سے مہنگے شہر اندور میں ایک اہم تجارتی مقام ایم آر10 پر سرمایہ کاروں کو 1/10ویں قیمت پر جگہ بھی فراہم کی جا رہی ہے ۔