بھارتی تاجروں کاترکی کو ترکی بہ ترکی جواب

دہلی فروٹ منڈی نے ترکی سے سیب کی درآمد کو روک دیا

سرینگر// آزاد پور منڈی، پھلوں اور سبزیوں کی ایشیا کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ نے موجودہ سفارتی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے ترکی سے سیب کی درآمد روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔آزاد پور فروٹ منڈی کے چیئرمین میٹھا رام کرپلانی نے کہا کہ ہم نے ترکی سے سیب کی تمام نئی درآمدات بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پہلے آرڈر کی گئی کھیپ اب بھی پہنچیں گی، سیب یا دیگر پیداوار کی مزید تجارت آگے نہیں ہوگی۔کرپلانی نے کہا کہ یہ فیصلہ صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں کوئی نیا آرڈر نہیں دیا جائے گا۔کرپلانی کے مطابق، آزاد پور منڈی نے طویل عرصے سے ترک سیبوں کو ترجیح دی تھی، جس کی درآمدات 2024 میں 1.16 لاکھ ٹن تک پہنچ گئیں۔تاہم، انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے تئیں ترکی کے نقطہ نظر میں حالیہ پیش رفت مایوسی کا باعث بنی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے برسوں سے ترکی کی تجارت کی حمایت کی ہے لیکن موجودہ حالات نے ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں چھوڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام منڈی کی سورسنگ کی حکمت عملی میں ایک اہم تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے، کیونکہ یہ آنے والے مہینوں میں سیب کی درآمد کے لیے متبادل سپلائرز کی تلاش میں ہے۔دہلی بھر کے تاجر احتجاج کر رہے ہیں اور ترک سامان کی درآمد اور مارکیٹنگ پر پابندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔دہلی تاجروں کی انجمنوں کے مطابق، “ہندوستان کے تئیں ترکی کا حالیہ سیاسی موقف ناقابل قبول ہے اور اس سے قومی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔