راجوری//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے حالیہ سرحد پار گولہ باری کے واقعات کے تناظر میں مسلسل دوسرے دِن راجوری ضلع کے سب ڈویژن نوشہرہ میں سرحدی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اِس دورے کا مقصد زمینی صورتحال کا جائزہ لینا، متاثرہ کنبوں کے اَفراد سے بات چیت کرنا اور عوامی شکایات کا موقعہ پر اَزالہ کرنا تھا۔اُنہوں نے دورے کے دوران تبادہ شدہ مکانات کا معائینہ کیا اور گولہ باری سے متاثرہ کنبوں کے اَفراد سے ملاقات کی۔ اُنہوں نے سرحدی باشندوں کو یقین دِلایا کہ حکومت اُن کی سلامتی اور فلاح و بہبود کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے اور اُن کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔نائب وزیراعلیٰ نے مختلف مقامات پر عوامی شکایات کیمپوں کے دوران مقامی باشندوں کے مسائل سنے اور حکومت کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سرحدی علاقوں کے لوگوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’لائن آف کنٹرول کے قریب رہنے والے ہر فرد کی حفاظت ہماری اوّلین ترجیح ہے اور اِس مقصد کے لئے بہترین ممکنہ اَقدامات کئے جا رہے ہیں۔‘‘نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری سے متعدد وفود نے ملاقات کی اور انہیں اہم مسائل گوش گزار کئے جن میں اِنفرادی و اِجتماعی بنکروں کی تعمیر، گولہ باری سے ہو ئے نقصانات کا معاوضہ، پانی کی قلت، غیر اعلانیہ بجلی کی بندش اور لنک سڑکوں کی بہتری کے مطالبات شامل تھے۔اُنہوںنے متعلقہ اِفسران کو ہدایات جاری کیں کہ شکایات کا فوری اَزالہ کیا جائے۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ لوگوںکے جائز مطالبات کو مرحلہ وار اور مقررہ مدت میں پورا کیا جائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ نے تحفظاتی ڈھانچے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اِضافی اِنفرادی اور اِجتماعی بنکروںحکمتِ عملی سے منتخب شدہ مقامات پر تعمیر کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا، ’’یہ بنکر سرحد پار گولہ باری کے دوران فوری پناہ فراہم کرنے کے لئے نہایت اہم ہیں اور ہماری سرحدی تحفظ کی حکمت عملی کا ایک لازمی جزو ہیں۔‘‘یہ دورہ سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی سلامتی، تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ پریتم لال تھاپا اور دیگر سینئر ضلعی و سیکٹورل افسران بھی تھے۔










