عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے جارہے ہیں ، علاقے کی جانچ جاری
سرینگر/// قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لی ہے جس میں 26 لوگ مارے گئے تھے، حکام نے اتوار کو کہاکہ ٹیمیں، جن کی نگرانی ایک انسپکٹر جنرل آف پولیس، ایک ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اور انسداد دہشت گردی ایجنسی کے ایک سپرنٹنڈنٹ پولیس کررہے ہیں جموں و کشمیر کے پہلگام کی وادی بیسران میں منگل کو ہونے والے حملے کے عینی شاہدین کا بیان قلمبند کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عینی شاہدین سے لمحہ بہ لمحہ پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ ان واقعات کی ترتیب کو یکجا کیا جا سکے جس کی وجہ سے کشمیر میں ایک بدترین دہشت گردانہ حملہ ہوا۔عہدیداروں نے بتایا کہ دہشت گردوں کے طریقہ کار کے سراغ کے لئے این آئی اے کی تفتیشی ٹیموں کے ذریعہ داخلی اور خارجی راستوں کی باریک بینی سے جانچ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فارنزک اور دیگر ماہرین کی مدد سے ٹیمیں، دہشت گردی کی سازش کو بے نقاب کرنے کے لیے ثبوت کے لیے پورے علاقے کو اچھی طرح سے چیک کر رہی ہیں جس کی وجہ سے اس خوفناک حملے نے قوم کو چونکا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ این آئی اے کی ٹیمیں، جو بدھ سے دہشت گردانہ حملے کے مقام پر ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، انہوں نے شواہد کی تلاش کو تیز کر دیا ہے۔مرکزی وزارت داخلہ (ایم ایچ اے) کے حکم کے بعد انسداد دہشت گردی ایجنسی نے پہلگام دہشت گرد حملہ کیس کو اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔منگل کو دہشت گردوں نے اننت ناگ ضلع میں پہلگام کے بالائی علاقوں میں واقع ایک مشہور سیاحتی مقام بایسران میں فائرنگ کی، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے، جن میں زیادہ تر دیگر ریاستوں سے چھٹیاں گزارنے والے تھے۔










