سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال شانگس ، پرائمری ہیلتھ سینٹر نوگام کامعائینہ کیا اور صحت سہولیات کا جائزہ لیا
اننت ناگ// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے شانگس۔اننت ناگ ایسٹ حلقے کا تفصیلی دورہ کیا تاکہ علاقے میں عوامی صحت سہولیات اور تعلیمی بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا جا سکے۔دورے کے دوران وزیر موصوفہ کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی شانگس۔اننت ناگ ایسٹ ریاض احمد خان، ممبر قانون ساز اسمبلی اننت ناگ۔ویسٹ عبدالمجید بٹ (لارمی)، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سیّدفخر الدین حامد، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ناظم سکولی تعلیم کشمیر ،ناظم سماجی بہبود کشمیر اور دیگر ضلعی و سیکٹورل اَفسران بھی تھے۔ سکینہ اِیتو نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈی ایچ) شانگس کے معائینے کے دوران طبی خدمات، ضروری سپلائی کی دستیابی اور سہولیت میںمریضوں کی مجموعی نگہداشت کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ہسپتال عملے کے ساتھ بات چیت کی اور صحت سہولیات کی مجموعی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ یہاں عوام کو عالمی معیار کی صحت سہولیات فراہم کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے اور دیگرجدید طبی سہولیات کے حوالے سے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔وزیر موصوفہ نے مریضوں سے بھی بات چیت کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں ان سے موقع پر رائے لی۔بعد ازاں، وزیرموصوفہ نے پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) نوگام کا بھی دورہ کیا اور اس کی کارکردگی، ادویات کی دستیابی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔اُنہوںنے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول (جی ایچ ایس ایس) شانگس کا بھی معائینہ کیا اور اس کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اِدارے میں کلاس روموں ، لیبارٹریوں اور دیگر سہولیات کا معائینہ کیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے طلباء اور عملے سے بات چیت کی۔سکینہ اِیتو نے پرنسپل اور دیگر عملے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے این اِی پی۔2020 کے مطابق تعلیمی ماحول کی اہمیت پر زور دیا ۔ اُنہوں نے انہیں اِدارے میں ضروری بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن کے لئے حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دِلایا۔دریں اثنا، سکینہ اِیتو نے شانگس میں بڑی تعداد میں مقامی لوگوں کے ساتھ بھی بات کی۔اُنہوں نے بڑے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت نچلی سطح پر حکمرانی کو مضبوط بنا رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ضروری خدمات ہر گھر اور سماج کے ہر طبقے تک پہنچیں۔ اُنہوں نے کہا ،’’ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی صحت اور تعلیم ہماری اوّلین ترجیحات ہیں۔ ہم جموں و کشمیر کے روشن مستقبل کے لئے ان شعبوں کو مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہیں۔‘‘اُنہوں نے شا نگس کے لوگوںکو یقین دِلایا کہ صحت نگہداشت اور عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اِس موقعہ پر اننت ناگ ایسٹ کے رُکن قانون ساز اسمبلی ریاض احمد خان نے بھی اِجتماع سے خطاب کیا۔










