جموں//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں اقتصادی تعمیر نو ایجنسی ( ای آر اے ) کے سی ای او اعجاز اسد نے جہلم اور توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ ( جے ٹی ایف آر پی ) کی پیش رفت کے بارے میں ایک جامع اپ ڈیٹ پیش کیا جس میں بقیہ کاموں کو مکمل کرنے کیلئے عالمی بینک سے توسیع کا فائدہ حاصل کیا گیا ہے ۔ میٹنگ میں سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ، کمشنر ایس ایم سی ، دوسرے متعلقہ افسران کے علاوہ چیف انجینئر آر اینڈ بی نے شرکت کی ۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے جاری کاموں پر پیش رفت کی باقاعدہ نگرانی پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام جاری کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں ۔ چیف سیکرٹری نے جاری پروجیکٹوں پر معیار اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ آر اینڈ بی پر زور دیا کہ اگر کوئی ٹھیکیدار کام مکمل نہیں کرتا ہے تووہ قانون کے مطابق ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کریں یا مستقبل کے ٹھیکوں کو اٹھانے پر انہیں بلیک لسٹ کریں ۔ میٹنگ کے فوکل پوائنٹس میں سے ایک توسیع شدہ ٹائم لائن کے اندر گورنمنٹ ایل ڈی اسپتال میں 130 بستروں پر مشتمل اضافی بلاک کی تکمیل تھی ۔ سی ای او کے ذریعہ یہ بات بتائی گئی کہ اس اضافی بلاک کا مقصد بہتر صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے اور مریضوں کی صلاحیت کو نمایاں طور پر بڑھانا ہے ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے پیش رفت کی قریب سے نگرانی کی جا رہی ہے ۔ سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی نے شمالی کشمیر میں 5 پلوں پر جاری کام کے بارے میں میٹنگ کو بتایا کہ ایل او اے اسٹینڈز میں وحیدینہ، وازہ محلہ ، شراکوارہ اور واگورہ پلوں پر کام جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ کام دسمبر 2025 تک مکمل ہو جائے گا ۔ جہاں تک ہمہامہ میں اسٹیٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر ( ایس ای او سی ) کی تکمیل کا تعلق ہے تو ڈور میٹری بلڈنگ ، سروس بلاک اور وئیر ہاوس کافی حد تک مکمل ہو چکا ہے ۔ بون اینڈ جوائینٹہسپتال کے 160 بیڈز کے نئے بلاک کے بارے میں بتایا گیا کہ اس کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور اضافی سازو و سامان کی خریداری جاری ہے اور یہ اس مہینے کے آخر تک مکمل ہو جائے گی ۔










