جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہسپتال جموں کا دورہ کیا اور کٹھوعہ انکاؤنٹر میں زخمی ہوئے پولیس اہلکاروں کی خیرو عافیت دریافت کی۔اَپنے دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے ہسپتال اِنتظامیہ اور طبی عملے سے ملاقات کی اور زخمیوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے جی ایم سی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج معالجے کے لئے تمام ضروری وسائل کو یقینی بنایا جائے۔نائب وزیر اعلیٰ نے زخمیوں اور اُن کے اہل خانہ سے بھی بات چیت کی اور اُنہیں حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے کہا، ’’ہمارے لوگوں کی سلامتی اور صحت اوّلین ترجیح ہے۔ میں نے ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ کٹھوعہ انکاؤنٹر میں زخمی ہونے والوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ چھوڑے ۔‘‘نائب وزیر اعلیٰ نے متاثرہ کنبوںکے ساتھ یکجہتی کا اِظہار کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں امن و امان برقرار رکھنے کے حکومتی عزم کو دہرایا۔اِس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ محکمہ صحت اور مقامی اِنتظامیہ کے سینئراَفسران بھی تھے جنہوں نے انہیں طبی انتظامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔










