جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے کہا کہ جنوری 2025ء کے آخر تک 3,70,811 بے روزگار نوجوانوں نے ایمپلائمنٹ پورٹل پر رجسٹریشن کی ہے جن میں 2,40,502 مرد اور 1,30,309 خواتین شامل ہیں۔وزیر موصوف ایوا ن میں آج رُکن اسمبلی علی محمد ساگر کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے ایوان کو آگاہ کیا کہ بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کی رجسٹریشن ایک رضاکارانہ عمل ہے اور روزگارکے متلاشی اَفرادایمپلائمنٹ پورٹل پر خود کو رجسٹر کرتے ہیں تاکہ مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے چلائی جانے والی خود روزگار سکیموں اور دیگر مواقع سے فائدہ اُٹھا سکیں۔وزیرموصوف نے مزید بتایا کہ مشن یوواکے تحت 2 ؍فروری 2025 ء تک 5,58,870 ممکنہ کاروباری اَفراد کا سروے کیا گیاجن میں1,54,695 ممکنہ کاروباری افراد برسرِ روزگار،3,47,247 ممکنہ بے روزگار افراد اور56,928 ممکنہ غیر رجسٹرڈ اَفراد شامل ہیں۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن (جے کے پی ایس سی) اور جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کے ذریعے سرکاری شعبے میں 12,524 اِنتخاب اور تقرریاں کی گئی ہیں۔اِس کے علاوہ اُنہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر بھر میں 246 جاب میلے منعقد کئے گئے جن میں 4,893 نوجوانوں کو موقعہ پر ہی ملازمتیں دی گئیں جبکہ 6,640 اُمیدواروں کو مختلف ہنر کی تربیت کے لئے منتخب کیا گیا۔










