Sakeena Itoo

صحت اِدارہ بتہ مالو کو پی ایچ سی میں اَپ گریڈ کیا گیا ۔ سکینہ اِیتو

جموں// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے ایوان کو مطلع کہ صحت اِدارہ بتہ مالو کو اَپ گریڈ کر کے پرائمری ہیلتھ سینٹر(پی ایچ سی) بنا یا گیا ہے اور یہ مناسب بنیادی ڈھانچے کے ساتھ فعال ہے۔وزیر موصوفہ ایوان میں آج رُکن اسمبلی طارق حمید قرہ کے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوں نے کہا کہ پی ایچ سی بتہ مالو میں 12 منظور شدہ اَسامیاں ہیںجن میں سے 9 اَپنی پوزیشن پر ہیں جن میں دو میڈیکل اَفسران اور دو ڈینٹل سرجن ریگولر سائیڈ سے ہیں۔ اِس کے علاوہ نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت بھی 16 منظور شدہ اَسامیاں موجود ہیں۔وزیر صحت نے مزید کہا کہ پی ایچ سی بتہ مالو کے پاس چار منزلہ عمارت پر مشتمل مناسب بنیادی ڈھانچہ موجود ہے جو ایک اربن پرائمری ہیلتھ سینٹر(یو پی ایچ سی) کے لئے ضروری ہے۔ کووِڈ کے دوران اِس کے بستروں کی تعداد 56 تک بڑھا دی گئی تھی۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کی رِپورٹ کے مطابق پی ایچ سی بتہ مالو کا کیچمنٹ ائیریا تقریباً 50,000 اَفراد پر مشتمل ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ سی بتہ مالو سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈی ایچ) کی سطح تک اَپ گریڈیشن کے لئے اہل نہیں ہے ۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایچ سی بتہ مالو کو جی ایم سی سری نگر، سپر سپیشلٹی ہسپتال سری نگر، ایس کے آئی ایم ایس سری نگر، ایس کے آئی ایم ایس (جے وِی سی) میڈیکل کالج، ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر ، ایل ڈِی ہسپتال سری نگر، این ٹی پی ایچ سی لچھمن پورہ بتہ مالو اور یو پی ایچ سی بمنہ جیسے اعلیٰ سطحی اورٹریشری سطح کے طبی اداروں کی سہولیات حاصل ہیں۔