جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج کہا کہ جموں و کشمیر میں صنعتی اسٹیٹس کے قیام کے لئے صوبہ جموں میں 14,956کنال اور 15 مرلہ جبکہ صوبہ کشمیرمیں 6,745 کنال اور 19 مرلہ زمین منتقل کی گئی ہے۔وزیر موصوف ایوان میں آج رُکن اسمبلی علی محمد ڈار کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں اِنڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے لئے بالترتیب 9661.05 کنال اراضی اور 5000.13 کنال اراضی کے ارادے بھی پیش کئے گئے ہیں۔نائب وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ تعلیم اور سکل ڈیولپمنٹ سمیت دیگر شعبے جموں و کشمیر کی صنعتی پالیسی 2021-30 ء کی فوکس سیکٹر کی فہرست میں شامل ہیں جو مرکزی وزارتِ صنعت و حرفت کے ڈِی پی آئی آئی ٹی کے ذریعے جاری کردہ نئی سینٹرل سیکٹر سکیم (این سی ایس ایس) 2021 کی سروس سیکٹر مثبت فہرست کا بھی حصہ ہیں۔اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ جموں و کشمیر سٹارٹ اپ پالیسی جسے حکومت کے حکم نامہ نمبر 29۔جے کے(آئی این ڈی) آف 2024 بتاریخ 23؍ فروری 2024 کے تحت نوٹیفائی کیا گیا، کے تحت 596 درخواست دہندگان کو رجسٹر کیا گیا ہے جن میں سے 436 درخواست دہندگان کو سٹارٹ اپ کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ ان میں سے 26 درخواست دہندگان سکل ڈیولپمنٹ اور ایجوکیشن سیکٹر سے تعلق رکھتے ہیں۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے کہا کہ صنعتی اسٹیٹس کو سیکٹر کو صوبہ جموں میں سیکٹر ایجوکیشن اینڈ سکل ڈیولپمنٹ ، صحت و طبی تعلیم ، ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اور اِنفارمیشن ٹیکنالوجی اِن سروس (آئی ٹی / آئی ٹی اِی ایس )سیکٹروں میں سیکٹر سپیشل اِنڈسٹریل اسٹیٹ کے طو رپر نامزد کیا گیاہے جو دونوں صوبوں میں 3,628 کنال سے زیادہ اراضی مشتمل ہے۔










