جاوید رانا نے سول سیکرٹریٹ جموں میں چنار کا پودا لگایا

جاوید رانا نے سول سیکرٹریٹ جموں میں چنار کا پودا لگایا

جموں//محکمہ جنگلات نے سول سیکرٹریٹ جموں کے احاطے کے اندر چنار پلانٹیشن ڈرائیو کا آغاز کیا ۔ اس موقع پر وزیر برائے جنگلات و ماحولیات جاوید احمد رانا ، چیف سیکرٹری اتل ڈولو ، کمشنر سیکرٹری سیتل نندا اور محکمہ جنگلات کے پرنسپل چیف کنزرویٹر سریش کمار گپتا نے چنار کے پودے لگائے ۔ چنار ڈے ہر سال 15 مارچ کو جموں و کشمیر کے پورے یوٹی میں منایا جاتا ہے جس میں شجر کاری کے موسم تک مخصوص مقامات پر پودے لگانے کی مہم چلائی جاتی ہے ۔ اس موقع پر جاوید رانا نے چنار کے ماحولیاتی فوائد کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چنار ایک تاریخی درخت ہے اور ثقافتی شناخت اور ورثے کی علامت ہے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ چنار کے درخت لگائیں اور افسران کو ہدایت دی کہ وہ موجودہ پودوں کے تحفظ اور رکھ رکھاؤ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں ۔ وزیر نے کہا کہ چنار کشمیر کا ایک اثاثہ ہے جو سیاحوں کو راغب کرتا ہے اور زمین کی تزئین کی خوبصورتی کو بڑھاتا ہے ۔ وزیر نے جموں و کشمیر میں چنار کے درختوں کے فروغ کیلئے محکمہ جنگلات اور جے اینڈ کے ایف آر آئی کے باہمی تعاون کی کوششوں کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات اور دیگر ایجنسیوں کے ذریعہ موزوں مقامات پر لگائے گئے نئے پودوں کو یقینی طور پر اس ورثے کو زندہ رکھنے اور ترقی کی منازل طے کرنے میں مدد ملے گی ۔ چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے محکمہ جنگلات کے اس اقدام کی تعریف کی جس کے تحت محکمہ نے جے اینڈ کے میں 28560 چنار کے درختوں کی نشاندہی کی ہے اور شناخت شدہ درخت میں سے ہر ایک کو ڈیجٹیل کیو آر فعال اسکینیبل پلیٹ کے ساتھ جیو ٹیگ کیا گیا ہے ۔ شیتل نندا اور سریش کمار گپتا نے زور دے کر کہا کہ چنار کے درختوں کی اہمیت کے بارے میں لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے پودے لگانے کی مہم ضروری ہے ۔ محکمہ نے جموں و کشمیر میں چنار ڈے کے موقع پر 1000 چنار کے درخت لگانے کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ چنار کے پودوں کو تمام اضلاع میں مفت میں ان تمام لوگوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے جو اس درخت کو لگانے میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔