139 کروڑ روپے سے بڑھاکر 164.90 کروڑ روپے کردی گئی۔ سکینہ اِیتو
جموں//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے ایوان کو مطلع کیا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ڈوڈہ میں سول ورک کی لاگت 139 کروڑ روپے سے بڑھا کر 164.90 کروڑ روپے کر دی گئی ہے تاکہ باقی ماندہ کام مکمل کیا جا سکے۔وزیرموصوفہ ایوان میں رُکن اسمبلی سجاد شاہین کے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوں نے تفصیلات کا اشتراک کرتے ہوئے بتایا کہ کُل 189 کروڑ روپے میں سے مرکز اور یوٹی کے حصے کے تحت منظور اور جاری کئے گئے فنڈز جن میں سے 183.95 کروڑ روپے مارچ 2024ء تک سول اور مشینری آلات پر خرچ کئے جا چکے ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ رواں مالی برس 2024-25 ء میں کیپکس بجٹ کے تحت 9.50 کروڑ روپے مختص کئے گئے جن میں سے 7.60 کروڑ روپے جاری اور 1.65 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔وزیر نے بتایا کہ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود نے مرکزی معاونت والی سکیم ’’ موجودہ ریفرل اورضلعی ہسپتالوں سے منسلک نئے میڈیکل کالجوں کے قیام‘‘ کے تحت پانچ نئے میڈیکل کالجوں( اننت ناگ ، بارہمولہ ، ڈوڈہ ، کٹھوعہ اور راجوری) کے قیام کی منظوری دی ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جی ایم سی ڈوڈہ میں بنیادی ڈھانچہ اور عملہ موجود ہے، لیکن نئے میڈیکل کالجوں کی طرح یہاں بھی مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کی کل منظور شدہ تعداد میں سے گزیٹیڈ267 اسامیوں میں سے 144 پر تقرری ہو چکی ہے جبکہ 123 خالی ہیں۔نان گزٹیڈ 432اسامیوں میں سے 306 پر تقرری ہو چکی ہے اور 126 خالی ہیں۔117ملٹی سکنگ سٹاف ( ایم ٹی ایس) اسامیوں میں سے 70 پر تقرری ہو چکی ہے اور 47 خالی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اے ایچ، جی ایم سی ڈوڈہ میں دو سی ٹی سکین مشینیں، ایک فنکشنل فائبروسکن مشین (ایکوسن630) کام کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جی ایم سی ڈوڈہ تعلیمی سال 2027-28 سے وسیع سپیشلٹیز میں پی جی / ایم ڈی / ایم ایس کورسز شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ مزید برآں، جی ایم سی ڈوڈہ میں میڈیسن، سرجری، اوبسٹ اینڈ گائنی، پیڈیاٹرکس اور آرتھوپیڈکس کے مضامین میں ڈی این بی کورسز پیش کئے جا رہے ہیں۔اِس موقعہ پر شکتی راج پریہار اورمعراج ملک نے ضمنی سوالات اُٹھائے۔










