چیف جسٹس کا ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس گاندربل کا دورہ

چیف جسٹس کا ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس گاندربل کا دورہ

عدالت کے اِنتظامی امور اور بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا

گاندربل//چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ اور سرپرست اعلیٰ جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی جسٹس تاشی ربستن نے آج ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس گاندربل کا دورہ کیا۔اُنہوں نے وہاں عدالت کے اِنتظامی امور اور بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا اورلیگل ایڈ ڈیفنس کونسل (ایل اے ڈِی سی) آفس کا اِفتتاح بھی کیا۔چیف جسٹس کے ڈِسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس گاندربل پہنچنے پر پرنسپل ڈِسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج گاندربل (چیئرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی) عبدالناصر، ضلع ترقیاتی کمشنر جتن کشور، ضلع ہیڈکوارٹر گاندربل کے جوڈیشل اَفسران، سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس راگو ایس، سرکاری وکلا اور ضلع بار ایسوسی ایشن کے اراکین نے اُن کا والہانہ اور شاندار اِستقبال کیا۔دورے کے دوران چیف جسٹس کے ہمراہ اُن کے پرنسپل سیکرٹری موہندر کمار شرما اور جوائنٹ رجسٹرار (جوڈیشل) سری نگر جہانگیر احمد بخشی بھی تھے۔ چیف جسٹس کو ضلعی پولیس گاندربل کی طرف سے ایک خصوصی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔ اِس کے بعد اُنہوں نے لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل کے دفتر کا اِفتتاح کیا ۔ یہ اقدام نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی (این اے ایل ایس اے ) کے تحت مفت اور معیاری قانونی امداد فراہم کرنے کے نظام کا حصہ ہے جو بالخصوص فوجداری مقدمات میں عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لئے بنایا گیا ہے۔اُنہوں نے عدالت کے احاطے کا معائینہ کیا، ای۔سیوا سینٹر کے کام کاج، مختلف عدالتوں کے جوڈیشل انفراسٹرکچر کا مشاہدہ کیا اور عدالت کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے تمام جوڈیشل افسران کو انصاف کی فراہمی کے لئے محنت سے کام کرنے اور بالخصوص 10 سال سے زائد پرانے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت دی تاکہ عوام کا عدالتی نظام پر اعتماد برقرار رہے۔چیف جسٹس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ای۔سیوا مرکز کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے تاکہ گاندربل کے شہری اپنی درخواستیں آن لائن دائر کر سکیں اور جدید عدالتی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔اُنہوں نے جوڈیشل افسران اور بار ممبران کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی جس میں وکلاء کے چیمبرز اور عدالتی بنیادی ڈھانچے کے لئے درکار جگہ کی کمی کا مسئلہ اُٹھایا گیا۔ اس پر ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے چیف جسٹس کا جانکاری دی گئی کہ 45 کنال اراضی نئی عدالت کی عمارت کے لئے مختص کی جا چکی ہے اور اس کا تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈِی پی آر) اعلیٰ حکام کو پیش کیا گیا ہے۔چیف جسٹس نے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ وکلأ کے لئے فوری پریفیبریکٹیڈ ڈھانچے تعمیر کئے جائیں اور ضروری فرنیچر فراہم کیا جائے تاکہ ان کی سہولیت میں بہتری لائی جا سکے۔