مرکزی حکومت سے جلد منظوری کیلئے دوبارہ معاملہ اُٹھائیں گے
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے کہا کہ سری نگر۔بانڈی پورہ۔گریز ہائی وے کی سٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر حکومت پہلے ہی اِس معاملے کومرکزی وزارتِ روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی ویز کے ساتھ متعدد مواصلات کے ذریعے اُٹھا چکی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ ایوان میں رُکن قانون ساز اسمبلی نذیر احمد خان کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوںنے بتایا کہ حکومت نے سری نگر۔سمبل۔بانڈی پورہ۔گریز سڑک بشمول رازدان پاس پر ٹنل کو قومی شاہراہ قرار دینے کے لئے درخواست دی ہے۔ تاہم، اِس کی منظوری ابھی تک باقی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گریز جغرافیائی محل وقوع اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ہونے کی وجہ سے اہم سٹریٹجک اہمیت کا حامل ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ایوان کو یقین دِلایا کہ حکومت اِس معاملے کو مرکزی حکومت کے ساتھ دوبارہ اُٹھائے گی تاکہ جلد از جلد منظوری حاصل کی جا سکے۔اِس موقعہ پراِرشاد رسول کار، نظام الدین بٹ اور ہلال اکبر لون نے ضمنی سوالات اُٹھائے۔










