جموں// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے ایوان میں ہلال اکبر لون کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی ) کو سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال کی سطح پر اَپ گریڈ کرناآئی پی ایچ ایس 2022 کے اصولوں کے مطابق ممکن نہیں ہے۔اُنہوں نے ایوان کوبتایا کہ آئی پی ایچ ایس 2022 کے رہنما خطوط کے مطابق وہ اَضلاع جہاں کی آبادی 5 لاکھ سے کم ہو اور پہلے سے ایک فعال ڈِسٹرکٹ ہسپتال موجود ہو، وہ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈِی ایچ) کے لئے اہل نہیں ہوتے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ ضلع میں برفانی علاقہ ہونے کے سبب داور گریز میں ایک سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کی منظوری دی گئی ہے۔وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ تقریباً 14 صحت مراکز بنیادی طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر سنبل کو جدید طبی سہولیات مشینری، آلات، بنیادی ڈھانچے، ڈائیلاسس یونٹ، طبی اور ایمرجنسی آلات سے لیس کیا گیا ہے جو بانڈی پورہ ضلع کے لئے ایک اہم طبی مرکز کے طور پر کام کر رہا ہے۔اُنہوں نے ایوان کو مزیدبتایا کہ پی ایم ۔ اے بی ایچ آئی ایم کے تحت کمیونٹی ہیلتھ سینٹر سنبل میں ایک بلاک پبلک ہیلتھ یونٹ (بی پی ایچ یو) تیار کیا جا رہا ہے جو بڑے طبی مراکز کے ساتھ ایک اہم رابطے کے طور پر کام کرے گا۔وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ محکمہ صحت موجودہ طبی اِداروں کو مزید مستحکم کرنے پر توجہ دے رہا ہے تاکہ عملے، بنیادی ڈھانچے اور طبی خدمات کو بہتر بنایا جا سکے۔










