Sakeena Itoo

وزیر صحت کا گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کی تعمیر کیلئے سیلاب زدہ مقام کی نشاندہی پر اَنکوائری کا اعلان

جموں// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے قانون ساز اسمبلی میں اعلان کیا کہ حکومت گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کی تعمیر کے لئے سیلاب زدہ جگہ کے اِنتخاب کی تفصیلی اَنکوائری کرے گی جس کی وجہ سے سرکاری خزانے کو کافی نقصان پہنچا ہے۔وزیر موصوفہ نے اِن باتوں کا اِظہار گورنمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کے قیام کے حوالے سے ارکان اسمبلی سجاد غنی لون، فیاض احمد میر، قیصر جمشید لون، میر سیف اللہ اور شیخ خورشید کی جانب سے پوچھے گئے ضمنی سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا۔اِس معاملے پر رُکن اسمبلی سجاد غنی لون نے ضمنی سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ اِس وقت کی اِنتظامیہ نے سائٹ کااِنتخاب کیا اورسائٹ کے اِنتخاب کے لئے مقامی نمائندوں سے کوئی مشورہ نہیں کیا۔وزیر صحت نے ایوان اور قانون سازوں کو یقین دِلایا کہ ان کے خدشات کو دور کیا جائے گا اور نئے مقام کے اِنتخاب میں مقامی نمائندوں سے مشاورت کی جائے گی تاکہ اس اہم عوامی طبی ادارے کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔