جموں//وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے کہا کہ توی ریور فرنٹ پروجیکٹ (مرحلہ اوّل) 143 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے اپریل 2025 ء تک مکمل کیا جائے گا۔وزیر موصوف ایوان میں رُکن اسمبلی اروند گپتا کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ اُنہوں نے بتایا کہ دریائے توی کے بائیں کنارے پر96فیصد اور دائیں کنارے پر94فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔وزیر جل شکتی نے توی بیراج کے کاموں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ کام 64.80 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری ہے جس میں سے 36.15 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ توی بیراج اور مصنوعی جھیل کا 85فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔اُنہوںنے یہ بھی بتایا کہ رنبیر نہر میں براہ راست نالے کے اخراج کو روکنے کے لئے 34.06 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے 10 مختلف کاموں کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈِی پی آر) تیار کی گئی ہے ۔










