jitandar singh

تین شہریوں کی ہلاکت تشدد بھڑکانے کی سازش

لوگوں کو صبر سے کام لیکر اعتماد بحال رکھناچاہئے ۔ ڈاکٹر جتندر سنگھ

سرینگر//کٹھوعہ میں تین عام شہریوں کے اغوا کے بعد مبینہ قتل کے پیچھے حالات خراب کرنے کی ایک گہری سازش قراردیتے ہوئے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا ہے کہ لوگوں کو صبر سے کام لینا چاہئے اور ایک دوسرے پر اعتماد رکھنا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ اس معاملے کے حوالے سے مرکزی وزارت داخلہ سیکریٹری خود جموں پہنچ رہے ہیں ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اتوار کے روز کہا کہ جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے تین لاپتہ افراد کو دہشت گردوں نے ہلاک کر دیا ہے، اور یہ انتہائی تشویشناک ہے۔مرکزی وزیر نے ایکس پر ہندی میں پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کٹھوعہ کے بنی علاقے میں دہشت گردوں کے ذریعہ 3 نوجوانوں کا وحشیانہ قتل انتہائی افسوسناک اور انتہائی تشویشناک ہے۔ اس پرامن علاقے کا ماحول خراب کرنے کے پیچھے کوئی گہری سازش دکھائی دیتی ہے۔ ہم نے اس معاملے پر متعلقہ حکام سے بات کی ہے۔ مرکزی داخلہ سکریٹری خود جموں پہنچ رہے ہیں تاکہ موقع پر صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے۔ مجھے یقین ہے کہ ایسے واقعات دوبارہ نہیں ہوں گے، اور لوگوں کا اعتماد برقرار ہے۔وزیر نے کہا کہ لوگوں کو صبر سے کام لینا چاہئے ۔کٹھوعہ ضلع سے لاپتہ ہونے والے تین شہریوں کی لاشیں ہفتہ کو سیکورٹی فورسز کو ملی ہیں۔مرکزی داخلہ سکریٹری گووند موہن جموں پہنچ رہے ہیں تاکہ جموں ڈویژن کو دہشت گردی سے پاک بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔انٹیلی جنس بیورو کے اعلیٰ افسران، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، اور یو ٹی انٹیلی جنس کے افسران اور یو ٹی انتظامیہ کے سینئر افسران میٹنگ میں شرکت کریں گے۔