ڈپٹی کمانڈر نے سڑک کا معائنہ کیا ،زندگی معمول پرلانے کیلئے اطمینان بخش اقدام
سرینگر/پیرزادہ سعید//حالیہ شدید برفباری کے پیش نظر، 104 شکتی وجے بریگیڈ کے ڈپٹی کمانڈر نے پاور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ (PDD) کے ملازمین کو نستا چھن پاس (NC پاس) تک پہنچانے میں سہولت فراہم کی تاکہ علاقے میں بجلی کی بحالی کا کام شروع کیا جا سکے۔ کشمیر پر یس سروس نمائندہ کے تفصیلات کے مطابق حالیہ برفباری کے بعد زندگی کو معمول پر لانے کیلئے اقدام فوج اور سول انتظامیہ کے مابین مربوط کوششوں کا حصہ ہے تاکہ مقامی آبادی کو درپیش مشکلات کو کم کیا جا سکے،اسی دوران، ڈپٹی کمانڈر نے کرناہ سے چوکیبل تک قومی شاہراہ NH-701 کا معائنہ کیا اور جاری برف ہٹانے کے آپریشنز کی نگرانی کی۔ خاص طور پر سادھنا ٹاپ پر شدید برفباری کی وجہ سے سڑکوں اور بجلی کی فراہمی بری طرح متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں حکام کو فوری کارروائی کرنا پڑی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے، 104 شکتی وجے بریگیڈ کے ڈپٹی کمانڈر نے یقین دلایا کہ بجلی اور ٹریفک کی بحالی کی کوششوں کی قریب سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فوج سخت موسم میں شہریوں کی مدد کے لیے پْرعزم ہے ۔انہوں نے کہا، “ہم سول انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں کام کر رہے ہیں۔ بیکن کی ٹیمیں برف ہٹانے کے لیے موقع پر موجود ہیں اور ٹریفک کی بحالی کے لیے کوششیں تیزی سے جاری ہیں۔ صورت حال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔”یہ علاقہ، خاص طور پر سادھنا ٹاپ، شدید برفباری کے باعث بار بار برفانی تودے گرنے سے متاثر ہو رہا ہے۔ اگرچہ NH-701 کا ایک بڑا حصہ کلیئر کر دیا گیا ہے، لیکن وقفے وقفے سے برفانی تودے گرنے کی وجہ سے چیلنجز برقرار ہیں۔ تاہم، بیکن اور بارڈر روڈز آرگنائزیشن (BRO) کی ٹیمیں مسلسل راستے کو کھلا رکھنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔مقامی آبادی نے 104 شکتی وجے بریگیڈ اور سول انتظامیہ کی بروقت کارروائی پر شکریہ ادا کیا ہے۔ ڈپٹی کمانڈر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ فوج ہنگامی حالات میں شہریوں کی ہر ممکن مدد کے لیے پْرعزم ہے۔ حکام نے مسافروں کو محتاط رہنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مسلسل کوششوں کے ساتھ، جلد ہی بجلی اور مکمل ٹریفک بحال ہونے کی توقع ہے، جس سے کرناہ اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو بڑی حد تک راحت ملے گی










