اربوں روپے مالیت کی غصب شدہ زمین کو واپس حاصل کرنے کیلئے ایل جی اور وزیر اعلیٰ سے نوٹس لینے پر زور
سرینگر // ایک چونکا دینے والے انکشاف میں جو جموں میں مقیم آر ٹی آئی کارکن رمن شرما کی طرف سے دائر کردہ حق اطلاعات (آر ٹی آئی) درخواست کے ذریعے سامنے آیا ہے۔ جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جے ڈی اے) نے باضابطہ طور پر اعتراف کیا ہے کہ اس کی 16000 کنال سے زیادہ اراضی پرائیویٹ پارٹیوں اور لینڈ مافیا کے غیر قانونی قبضے میں ہے۔ یہ JDA کی کل اراضی کا 20% سے زیادہ ہے۔کشمیر پر یس سروس مانیٹرنگ کے مطابق شرما کے آن لائن آر ٹی آئی کے سوال کے جواب میں، جے ڈی اے کے سکریٹری اور پبلک انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) وشوجیت سنگھ نے اپنے آفس لیٹر نمبر JDA/RTI/PIO/2025/79/17 مورخہ 04/مارچ/2025 کے ذریعے ان خطرناک اعداد و شمار کا انکشاف کیا۔پی آئی او کے جواب میں بتایا گیا ہے کہ جے ڈی اے کی کل 80,976 کنال اور 10 مرلے اراضی میں سے 16,467 کنال اور 10 مرلے پر قبضہ کرنے والوں کا ناجائز قبضہ ہے اور اس وقت تک صرف 65,508 کنال جے ڈی اے کے اصل قبضے میں ہے جس کا مطلب ہے کہ 20.34 فیصد اراضی جے ڈی اے کی ملکیت میں ہے۔پی آئی او کے خط میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ جموں ضلع میں جے ڈی اے کے پاس 68,992 کنال اور 11 مرلہ اراضی ہے، جبکہ ضلع سانبہ میں، اس کے پاس 11،983 کنال اور 19 مرلہ زمین ہے۔جے اینڈ کے حکومت اور جے ڈی اے کے سینئر عہدیداروں کے دعوؤں کے برعکس، آر ٹی آئی کے جواب میں جے ڈی اے کی طرف سے سال 2015 سے 2025 تک خالی کی گئی اور حاصل کی گئی زمین کے کل رقبے کے بارے میں معلومات فراہم کرنے سے انکار کر دیا گیا اور جے ڈی اے کے جواب میں صرف یہ کہا گیا: “ریکارڈ دستیاب نہیں ہے۔”جے ڈی اے کے خلاف مختلف عدالتوں میں زیر التوا قانونی مقدمات کی کل تعداد سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے، جے ڈی اے کی طرف سے پیش کردہ جواب سے پتہ چلتا ہے کہ اس کے خلاف اب تک کل 635 عدالتی مقدمات زیر التوا ہیں، جن میں ماتحت عدالتوں میں 212، جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں 422، اور سپریم کورٹ آف انڈیا میں ایک کیس زیر التوا ہے۔معلومات کے متلاشی رمن شرما نے جے ڈی اے کی زمین کے اتنے بڑے حصے کو مافیا کے غیر قانونی قبضے کے بارے میں آر ٹی آئی کے جواب میں بے نقاب کرنے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پر زور دیا کہ وہ اس کا نوٹس لیں اور اربوں روپے مالیت کی غصب شدہ زمین کو واپس حاصل کریں۔










