Javed Rana

جہلم کے ساتھ حساس مقامات کی حفاظت کیلئے اقدامات جاری ہے ۔ جاوید احمد رانا

جموں//وزیربرائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے ایوان کو بتایا کہ فلڈ مینجمنٹ پروجیکٹ مرحلہ دوم کے تحت دریائے جہلم کے کنارے جہاں بھی ضرورت ہو کریٹ پروٹیکشن کا کام کیا جا رہا ہے۔ وزیر موصوف پیرزادہ محمد سعید کی جانب سے قانون ساز اسمبلی میں اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے کہا کہ مخصوص مقامات پر کریٹ پروٹیکشن کے کام کئے جا رہے ہیں جو غیر محفوظ اور کمزور جگہوں پر منحصر ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ 84 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے یہ کام مارچ 2025 ء کے آخیر تک مکمل ہوجائیں گے۔وزیر نے جہلم کے دریا کے کناروں پر مہندی کدل سے ڈونی پاوا تک خوبصورتی کے کام کے بارے میںبتایا کہ محکمہ آبپاشی وفلڈ کنٹرول کے پاس دریا کے کناروں پر بیوٹیفکیشن کے کام کے لئے کوئی خصوصی بجٹ نہیں ہے۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کا مینڈیٹ سیلابی پانی کی وجہ سے کناروں کو پہنچنے والے نقصان، پھسلنے، ٹوٹنے سے بچنے کے لئے اینٹی ایروشن کام کرنا ہے ۔ ارکان قانون ساز اسمبلی بشیر احمد ویری اور تنویر صادق نے اس معاملے پر ضمنی سوالات اُٹھائے۔