Javed Rana

سری نگر کو وافر مقدار میں پانی کی فراہمی ہو رہی ہے ۔ جاوید احمد رانا

شانگس میں پی ایچ اِی ، آبپاشی اور سیلاب کے کام آسانی سے مکمل

جموں//وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے آج کہا کہ سری نگر کے تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے اور لوگوںکوطے شدہ شیڈول کے مطابق پینے کا صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔وزیر موصوف ایوان میں رُکن قانون ساز اسمبلی شمیمہ فردوس کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوںنے کہا کہ حکومت لوگوںکو ضروری خدمات کی فراہمی آسان بنانے اور ناکارہ واٹر سپلائی سکیموں کی بروقت مرمت کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔وزیر موصوف نے مزید کہا کہ سری نگر شہر میں کوئی بھی پانی کی سپلائی لائن ناکارہ نہیں ہے۔ اگر کسی علاقے میں پانی کی ترسیلی لائن کو نقصان پہنچتا ہے تو اس کی مرمت مرحلہ وار کنٹریکٹس کے تحت کی جاتی ہے اور جو پائپ لائنیں ناقابل مرمت ہو جاتی ہیں، انہیں نئی پائپ لائنوں سے تبدیل کیا جاتا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ محکمہ موجودہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے شیڈول کے مطابق وافر مقدار میں پانی فراہم کر رہا ہے اور اِس وقت کوئی بھی علاقہ پانی کی سپلائی سے محروم نہیں ہے۔اِس موقعہ پرمُبارک گُل نے ضمنی سوال اُٹھایا۔وزیر نے رُکن قانون ساز ریاض احمد خان کے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شانگس میں پی ایچ ای کے کام پی ایچ ای ڈویژن بیج بہاڑہ کے ذریعے انجام دئیے جا رہے ہیں جبکہ آبپاشی کے کام آبپاشی ڈویژن اننت ناگ اورسیلاب سے متعلق کام فلڈ کنٹرول ڈویژن اننت ناگ کے ذریعے انجام دئیے جا رہے ہیں۔اُنہوںنے کہا کہ فی الحال شانگس کے لئے علیحدہ سہولیات بنانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اُنہوں نے یقین دِلایا کہ حکومت تمام دُور دراز علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے پُرعزم ہے۔