بیروہ حلقہ میں 24 واٹر سپلائی سکیمیں مکمل ہوئیں۔ جاوید احمد رانا

بیروہ حلقہ میں 24 واٹر سپلائی سکیمیں مکمل ہوئیں۔ جاوید احمد رانا

جموں//وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے آج ایوان کو بتایا کہ بیروہ حلقے میں جل جیون مشن کے تحت 38 سکیموں کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے اَب تک 24 مکمل ہو چکی ہیں۔وزیرموصوف قانون ساز اسمبلی میں ڈاکٹر شفیع احمد وانی کے ایک سوال کے جواب دے رہے تھے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ باقی 14 سکیموں پر کام جاری ہے اور انہیں مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ سکیموں کی کل تخمینہ لاگت 113.19 کروڑ روپے ہے جس میں سے 64.29 کروڑ روپے خرچ ہوچکے ہیں۔جاوید احمدرانا نے بیروہ حلقے میںان تمام واٹر سپلائی سکیموں کی طبعی و مالی تفصیلات بھی فراہم کیں جو مکمل ہو چکی ہیں یا زیر تکمیل ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ دیہات مزہامہ ، گونڈی پورہ، کنڈورا اور زانیگام کو جل جیون مشن پروگرام کے تحت شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ کاووسہ اور چیک کاووسہ کو نبارڈ سکیم کے تحت شامل کرنے کی تجویز ہے۔اُنہوں نے کہا کہ گونڈی پورہ اور کنڈورا گاؤں کی سکیمیں مکمل ہوچکی ہیں جبکہ دیگر تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ یہ تمام سکیمیں اگلے مالی برس کے دوران مکمل کی جائیں گی بشرطیکہ فنڈز کی دستیابی ہو۔وزیر موصوف نے حلقہ کے قصبوں میں پانی کی فراہمی میں اضافے کے بارے میں بتایا کہ اَمرت 2.0 کے تحت ماگام اور بیروہ قصبوں میں پانی کی سپلائی میں اضا فے کی منظور ی دی گئی ہے اور اسے جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے اَقدامات کئے جا رہے ہیں۔جاویداحمد رانا نے کہا کہ جموںو کشمیر میں گزشتہ برس بارش کی کمی کے باعث مختلف چشمے خشک ہو گئے تھے جس کی وجہ سے کچھ علاقوں میں سکیموں کو چلانے میں تاخیر ہوئی ہے۔