جموں //لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج راج بھون میں شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ ( ایس اے ایس بی ) کی 48 ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کی ۔ اس سال شری امر ناتھ جی یاترا 3 جولائی کو بیک وقت دونوں راستوں ضلع اننت ناگ میں پہلگام ٹریک اور گاندر بل ڈسٹرکٹ میں بال تل ٹریک سے شروع ہو گی اور یہ 9 اگست 2025 کو رکھشا بندھن پر اختتام پذیر ہو گی ۔ میٹنگ میں شرائین بورڈ کے ممبران سوامی اودیش آنند گری جی مہاراج ، مسٹر ڈی سی رینہ ، کیلاش مہرہ سادھو ، مسٹر کے این رائے ، مسٹر پیتمبر لال گپتا ، ڈاکٹر سلیش رینہ اور پروفیسر وشوامورتی شاستری نے شرکت کی ۔ بورڈ نے یاتریوں کی سہولیات اور خدمات کو مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف اقدامات اور مداخلت کی تجویز پیش کی ۔ شری امر ناتھ جی یاترا 2025 کیلئے یاتریوں کی بڑھتی ہوئی آمد کے سلسلے میں ان کو دستیاب رکھی گئی سہولیات کے بارے میں تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور بال تل ، پہلگام ، نون ون ، پنتھا چوک ، اور سرینگر میں ان سہولیات کو مناسب طریقے سے بڑھانے پر غور کیا گیا ۔ لائن محکموں کے ذریعہ کئے گئے مختلف جاری کاموں پر حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے یاترا کو مختلف مقامات پر مناسب انتظامات اور مطلوبہ سہولیات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاترای نواس پنتھا چوک سرینگر میں صلاحیت میں مزید اضافہ کیا جائے ۔ میٹنگ کے دوران یاترا سے جُڑی ہر ایک خدمات کے بارے میں تفصیل سے غور و خوض کیا گیا ۔ اس موقع پر لفٹینٹ گورنر نے یاترا کے کامیاب طرز عمل میں ان کی قیمتی شراکت اور مستقل رہنمائی پر ممبران کا اظہار تشکر کیا ۔ شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر مندیپ کے بھنڈاری نے یاترا کے انتظامات کے حوالے سے ایک تفصیلی پیش کش کی ۔ میٹنگ میں چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جل شکتی ڈیپارٹمنٹ ، ڈی جی پی ، پرنسپل سیکرٹری ہوم ، انتظامی سیکرٹریز ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، گاندر بل اور اننت ناگ کے ڈپٹی کمشنرز ، ایڈیشنل سی ای او ایس اے ایس بی اور یو ٹی ایڈمنسٹریشن اور شرائین بورڈ کے سینئر افسران نے بھی ذاتی طور پر اور ورچوئل موڈ کے ذریعے شرکت کی ۔










