سیاحت، ورثہ اور یاترا کے فروغ کے ذریعے جموں کی معیشت کومستحکم کرنے کی کوششیں
جموں// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج جموں کے مذہبی سیاحتی سرکٹ کو فروغ دینے کے لئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ خطے کی معیشت کو مضبوط کیا جائے ۔وزیر اعلیٰ، جن کے پاس سیاحت کا قلمدان بھی ہیں ،نے قانون ساز اسمبلی میں ایم ایل اے یودھویر سیٹھی کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ جموں کے تمام سیاحتی اثاثوں کو اُجاگر کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا،’’محکمہ جموں یاترا سرکٹ کی ترقی کے لئے سرگرمی سے کام کر رہا ہے ۔ میں نے ایک کروڑ سے زیادہ ماتا ویشنو دیوی یاتریوں سے بارہا اِس بات پر زور دیاہے۔ اگر ان میں سے دس سے پندرہ فیصدکو بھی جموں کے دیگر سیاحتی مقامات کا دورہ کرنے کی ترغیب دی جائے تو اِس سے خطے کو کافی فائدہ ہوگا۔ تاہم، ہم ابھی تک اس ہدف کو حاصل نہیں کر سکے ہیں۔‘‘اُنہوں نے اعتراف کیا کہ اہم چیلنج جموں کے زیارت گاہوں کے بارے میں جامع معلومات کا فقدان ہے۔انہوں نے کہا ،’’ ہمارا مقصد تین روزہ، چار روزہ اور سات روزہ یاترا کے دوروں کے لئے منظم سفرنامے تیار کرنا اور انہیں مؤثر طریقے سے فروغ دینا ہے۔ ہم تجارتی اور سیاحتی میلوں میں تشہیری مواد کی وسیع پیمانے پر تقسیم کو یقینی بنائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو متوجہ کیاجاسکے۔ وزیر اعلیٰ نے کشمیر سے براہ راست ٹرین رابطہ اور جموں کو نظر انداز کرتے ہوئے دہلی۔امرتسر۔کٹراہ ایکسپریس وے کے اثرات اور ان سے مقامی سیاحت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کے بارے میں خدشات کا جواب دیتے ہوئے کہا،’’یہ خدشہ ہے کہ ریلوے کا دائرہ کٹرا ہ سے آگے سری نگر اور بارہمولہ تک بڑھنے اور ایکسپریس وے کے باعث جموں شہر کو بائی پاس کئے جانے سے یہاں کی سیاحت متاثر ہو سکتی ہے۔ لیکن صرف سیاحتی مقامات کو ترقی دینا کافی نہیں ہے۔ جموں کے تاریخی ورثے، آنے والی جموں جھیل اور جموں چڑیا گھر جیسے مقامات اہم پُرکشش مقامات ہیں، لیکن انہیں بہتر تشہیر اور مرئیت کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو متوجہ کیا جا سکے۔‘‘اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ حکومت جموں کو ایک ممتاز مذہبی سیاحتی مقام بنانے کے لئے ایک جامع حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔ اِس میں یاترا مقامات پر بنیادی سہولیات کی بہتری، بہتر مواصلاتی نظام اور متعلقہ اِداروں کے ساتھ تعاون شامل ہے تاکہ سیاحوں کے لئے ایک بہتر سفری تجربہ یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے کہا،’’ہمیں ان مقامات کو ایک منفرد پہچان دینی ہوگی اور ان کی مؤثر تشہیر کرنی ہوگی۔ یہ سچ ہے کہ اَب تک مناسب تشہیر نہیں کی گئی لیکن ہم اِس سے نمٹنے کے لئے پُرعزم ہیں۔‘‘ اِس سے قبل وزیر اعلیٰ نے رُکن قانون ساز اسمبلی کے ایک سوال کے جواب میںجموں شہر میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں محکمہ سیاحت کی جاری کوششوں پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے ایوان کو مطلع کیا ،’’ریاستی کیپکس بجٹ اور ’’سودیش درشن سکیم ‘‘کے تحت کئی منصوبے عملائے گئے ہیں۔‘‘حکومت نے بڑے سیاحتی مقامات کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ باغِ باہو میں سائونڈ اینڈ لائیٹ شو کے ساتھ ایک میوزیکل واٹر فائونٹیشن نصب کیا گیا ہے تاکہ سیاحوںکو راغب کیا جاسکے۔بھگوتی نگر اور سدھرا گالف کورس میں سیاحتی سہولیات کو وسعت دی گئی ہے تاکہ زیادہ سیاحوں کو راغب کیا جا سکے۔مزیدیہ کہ جموں میں سدھرا گالف کورس کے قریب ایک تفریحی پارک تعمیر کیا گیا ہے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کے لئے مزید تفریحی مواقع فراہم کئے جا سکیں۔مو مایا سے باغِ باہو تک کیبل کار (روپ وے) منصوبہ مکمل کیاگیا ہے جو سیاحوں کو ایک دلکش اور آرام دہ سفری سہولیت فراہم کرتا ہے۔جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ (جے ایس سِی ایل) شہر کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور اسے ایک نمایاں سیاحتی مقام کے طور پر فروغ دینے کے لئے متعدد اَقدامات کر رہا ہے۔جے ایس سی ایل نے سمارٹ سٹی پہل کے تحت اپنے ورثے کے تحفظ اور خوبصورتی کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر باہو قلعہ ، مُبارک منڈی ، رگھوناتھ بازار اور مختلف مندروں اور گھاٹوں جیسے مشہور مقامات کی بحالی اور خوبصورتی کا کام شروع کیا ہے۔شہری آواجاہی اور رَسائی کو بہتر بنانے کے لئے، پیدل چلنے والوں کے دوستانہ راستوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ بڑے سڑکوں کو اَپ گریڈ کرنے کا کام جاری ہے۔ شہر میں دیرپا ٹرانسپورٹیشن کو فروغ دینے کے لئے اِی۔ بس منصوبے کے تحت الیکٹرک بسیں متعارف کی ہیں جس سے پبلک ٹرانسپورٹ کو مزید ماحول دوست بنایا گیا ہے۔جے ایس سی ایل کے تحت ایک اہم اقدام توی ریور فرنٹ کی تعمیر نو ہے جس سے اسے رہائشیوں اور سیاحوں کے لئے تفریحی مقامات ، سائیکلنگ ٹریک اور تفریحی مقامات کے ساتھ ایک متحرک تفریحی مرکز میں تبدیل کیا گیا ہے۔اِس کے علاوہ باہو قلعہ، مبارک منڈی میں آرمی ہیڈ کوارٹر، مہا مایا مندر اور توی پلوں جیسے ثقافتی ورثے کے مقامات کو روشنی کے ساتھ بہتر بنایا گیا ہے جس سے ان کی بصری کشش میں اضافہ ہوا ہے۔حکومت نے تاریخی اور ثقافتی تجربات کو مزید دِلفریب بنانے کے لئے باہوفورٹ ہیرٹیج سائٹس پر ڈیجیٹل اور شاندار لائٹ اور ساؤنڈ شو بھی متعارف کئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے اِس بات پر زور دیا کہ جموں سمارٹ سٹی لمیٹڈ (جے ایس سی ایل) کا وژن جموں کو ایک جدید، سیاح دوست اور دیرپا شہر بنانے کے ساتھ ساتھ اس کے شاندار تاریخی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنا ہے۔










