کیرن۔جمگُنڈ ٹنل کیلئے ڈی پی آر تیار کیا جائے گا اور ایم آر او آر ٹی ایچ کے ساتھ معاملہ اُٹھایا جائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ

کیرن۔جمگُنڈ ٹنل کیلئے ڈی پی آر تیار کیا جائے گا اور ایم آر او آر ٹی ایچ کے ساتھ معاملہ اُٹھایا جائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ

جموں//نائب وزیرا علیٰ نے کہا کہ کپواڑہ کے کیرن اورجمگُنڈ علاقوں کو ہر موسم میں آمدورفت کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے سڑک پر ٹنل کی تعمیر کا مطالبہ مرکزی وزارت ایم او آر ٹی ایچ کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اس کے لئے ڈِی پی آر بھی تیار کرکے متعلقہ حکام کو بھیجی جائے گی۔ نائب وزیرا علیٰ میر سیف اللہ کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ اُنہوںنے کہا کہ کیرن سیکٹر فارکیاں گلی سے کیرن روڈ (46.76 کلومیٹر) کے ذریعے جموں و کشمیر کے باقی علاقوں سے جڑا ہوا ہے جس کی دیکھ ریکھ بارڈر روڈز آرگنائزیشن ( بی آر او) کے ذریعے کی گئی ہے۔نائب وزیرا علیٰ نے کہا کہ یہ سڑک سرمائی موسم میں برفباری کے باعث جزوی طور پر بند رہتی ہے لیکن بی آر او کی جانب سے باقاعدہ برف ہٹانے کا کام کیا جاتا ہے تاکہ کیرن تک رَسائی ممکن ہو سکے۔انہوں نے مزید وضاحت کی کہ پی ایم جی ایس وائی سڑک زِرہامہ ۔جمگُنڈ (25.00 کلومیٹر) ایک اونچی سڑک ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا،’’ اگرچہ برف ہٹانے کے اَقدامات باقاعدگی سے دئیے جاتے ہیں لیکن شدید برفباری کی صورت میںپہلے 6کلومیٹر کے بعدکلیئرنس کاعمل مشکل ہوجاتا ہے اور موسم بہتر ہونے تک عارضی طور پر تاخیر کا شکار ہوجاتا ہے بالخصوص 17ویں اور 20ویں کلومیٹر کے درمیان کم دکھائی دینے، برف جم جانے ،برفانی تودے گرآنے اور بالائی علاقوں سے برف کھسکنے کی وجہ سے مشکلات پیش آتی ہیں۔‘‘ نائب وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ کیرن اور جمگُنڈ کے علاقوں کے لئے فی الحال کوئی متبادل سڑک دستیاب نہیں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ فرکیاں گلی سے کیرن (46.76 کلومیٹر) سڑک کی دیکھ دیکھ بی آر او کے ذریعہ کی جاتی ہے۔