پونچھ// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے آج پیر پنچال خطے میں جل جیون مشن کے بروقت عمل آوری اور موثر خدمات کی فراہمی پر زور دیا۔اُنہوں نے اِ ن باتوں کا اِظہار پیر پنچال خطے میں ترقیاتی سرگرمیوں بشمول جل جیون مشن کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اَپنے دورے کے دوران کیا۔جاوید احمد رانانے پیر پنچال میں پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور ان کی تکمیل کے لئے ٹائم لائن مقرر کی تاکہ سب کے لئے پینے کے صاف پانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اُنہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ جنگی بنیادوں پر کام کریں، پیش رفت کی مسلسل نگرانی کریں اور مقررہ معیارات کی سختی سے پابندی کریں۔اُنہوں نے دُور دراز علاقوں میں پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے ایک مضبوط شکایات ازالہ طریقۂ کار اَپنانے پر زور دیا۔وزیرموصوف نے جنگلات محکمہ کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے دیرپا ترقی کے مؤثر طریقے اَپنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ماحولیاتی تحفظ اور اِقتصادی ترقی دونوں کو مدنظر رکھا جا سکے۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جنگلات کا عملہ مقامی کمیونٹیوںکے ساتھ مل کر جنگلات اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے کام کرے گا۔ اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لئے لگن اور خلوص سے کام کریں۔وزیر نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجوںسے نمٹنے کو اوّلین ترجیح دی جانی چاہیے۔اُنہوں نے جنگلات میں آگ لگنے سے بچاؤ اور اس کے انتظام کے مؤثر اقدامات پر بھی زور دیا جو کہ منفی موسمی حالات کی وجہ سے مزید اہمیت حاصل کر چکے ہیں۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ وسائل کا بہترین اِستعمال کیا جائے تاکہ ماحولیاتی سیاحت اور جنگلاتی تفریح کے ذریعے آمدنی میں اضافہ اوردیرپا روزگار کے مواقع پیدا کئے جا سکیں۔جاوید احمد رانااپنے دورے کے دوران راجوری کے کوٹلی کالا بن، مینڈھر ، ہرنی اور گلوتھا دیہات کا بھی دورہ کیا اور وہاںمقامی باشندوں سے ملاقات کی۔عوامی وفود نے پانی، جنگلاتی حقوق، سڑک رابطہ، قبائلی امور، دیہی بنیادی ڈھانچے اور صحت کی سہولیات جیسے اہم مسائل اُجاگر کئے۔وزیر موصوف نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کو مقررہ وقت میں حل کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور جامع ودیرپا ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔










