سری نگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ایتو نے سول سیکرٹریٹ میں ضلع بارہمولہ میں صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیمی محکموں کی کارکردگی اور کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ضلع بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے قانون ساز اسمبلی کے ارکان نے شرکت کی ۔ممبرقانون ساز اسمبلی اوڑی سجاد احمد، ایم ایل اے واگورہ کریری عرفان حفیظ لون، سوپور کے ایم ایل اے ارشاد احمد کار، پٹن کے ایم ایل اے جاوید ریاض بیدار،ایم ایل اے ٹنگمرگ فاروق احمد شاہ (ورچیول )، بارہمولہ کے ایم ایل اے جاوید حسن بیگ (ورچیول) ،ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ منگا شیرپا، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو میڈیکل کالجز، محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر، کشمیر، سکول ایجوکیشن کشمیر، کالجوں کے سربراہان، ڈائریکٹر سکمز صورہ اور پرنسپل جی ایم سی بارہمولہ (ورچیول)، سی ایم او بارہمولہ اور محکمہ صحت وطبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم کے دیگر سینئر افسران نے بھی میٹنگ میں حصہ لیا۔ وزیر سکینہ اِیتو نے ضلع بھر کے ہسپتالوں، سی ایچ سیز اور پی ایچ سیز میں صحت سہولیات، اَدویات اور بنیادی ڈھانچے کی دستیابی کا جائزہ لیتے ہوئے صحت نگہداشت کی خدمات کو مضبوط بنانے، مناسب طبی عملے کو یقینی بنانے اور مریضوں کی نگہداشت کو بڑھانے کے لئے جاری منصوبوں کو تیز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر صحت نے کہا ،’’ دیہی صحت تک رسائی میں کمی کو دور کریں اور عوام کو زندگی بچانے والی ادویات کے ساتھ ساتھ صحت کی دیگر سہولیات کی بروقت دستیابی کو یقینی بنائیں۔‘‘










