dooran

کٹھوعہ میں دو افراد کی لاشیں پُر اسرار طور پر برآمد

وزیر اعلیٰ نے معاملے کی تحقیقات کا دیا حکم، متاثرہ کنبوں سے ہمدردی کااظہار

سرینگر//کٹھوعہ میں دو افراد کی لاشیں پُر اسرار طور پر برآمد ہونے کے بعد جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ جبکہ انہوںنے متاثرہ کنبوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کابھی اظہار کیا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق بلاور کٹھوعہ میں 2افراد کی لاشیں پُر اسرار طور پر پائی گئیںجس کی وجہ سے علاقے میں سنسنی کا ماحول پھیل گیا ۔ ادھر وزیر اعلیٰ نے اس معاملے میں تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے بلاور میں دو افراد کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے ان اموات کی وجوہات کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔انہوں نے متوفی افراد کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔اپنے سوشل میڈیا ایکس پر وزیر اعلیٰ نے اس معاملے پر سخت رنج و غم ظاہر کرتے ہوئے پوسٹ میں لکھا ہے کہ کٹھوعہ کے بلاور میں دو افراد کی المناک موت سے گہرا دکھ ہوا۔ انہوںنے لکھا کہ ‘ میرے خیالات اور دعائیں اس مشکل وقت میں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں’۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھاکہ میرا دفتر مقامی رکن اسمبلی کے ساتھ رابطے میں ہے اور متعلقہ افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ ان اموات کی وجوہات کی تحقیقات کریں۔ واضح رہے کہ ضلع کٹھوعہ ضلع کے بلاور علاقے کے بتھاری گاؤں میں دو افراد کی لاشیں بر آمد کی گئیں۔متوفین کی شناخت 37 سالہ شمشیر ولد کرشن چند اور 45 سالہ روشن ولد شنکر داس ساکنان کوہاگ بلاور کے طور پر ہوئی ہے۔ادھر پولیس نے اس معاملے میں چھان بین شروع کردی ہے تاہم موت کی وجہ فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی ۔