سکینہ اِیتو نے ’وطن کو جانو‘ ایکسچینج پروگرام کے تحت 250 اِی ڈبلیو ایس طلباء کو ثقافتی دورے کیلئے جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

سکینہ اِیتو نے ’وطن کو جانو‘ ایکسچینج پروگرام کے تحت 250 اِی ڈبلیو ایس طلباء کو ثقافتی دورے کیلئے جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا

کہا، حکومت پسماندہ طبقات اور دُور دراز علاقوں کے طلبأ کے تعلیمی مواقع کو وسعت دینے کیلئے پُر عزم ہے

جموں//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے ’وطن کو جانو‘ یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت 250 سکولی طلبأکو دہلی، جے پور اور اجمیر کے ثقافتی دورے کے لئے جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس 13 روزہ دورے کا اہتمام محکمہ سماجی بہبود نے مرکزی وزارت داخلہ کے اِشتراک سے کیا ہے۔اِس موقعہ پر سکینہ اِیتو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ یوتھ ایکسچینج پروگرام نوجوان طلبأ کو ملک کے سماجی اور ثقافتی تنوع سے روشناس کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کرے گا۔اُنہوں نے کہا،’’یہ مطالعاتی دورہ دور دراز علاقوں کے سرکاری سکولوں سے تعلق رکھنے والے پسماندہ طبقے کے طلباء کے لئے ایک سنہری موقع ہے، جو انہیں نئی چیزیں سیکھنے اور تجربہ حاصل کرنے میں مدد دے گا جس سے وہ اپنی پوری زندگی فائدہ اٹھائیں گے۔‘‘سکینہ اِیتو نے اس بات پر زور دیا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت تمام پس منظر اور خطوں کے طلبأ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا،’’ ہماری حکومت پسماندہ طبقات کے ساتھ ساتھ دور دراز اور دیہی علاقوں کے طلبأ کے لئے تعلیمی مواقع کو وسعت دینے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔‘‘

سکینہ ایتو نے مزید کہا کہ ایسے تعلیمی دورے طلبأ کے علم میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے بھی ضروری ہیں۔ اُنہوں نے طلبأ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے تجربات کو دستاویزی شکل میں محفوظ کریں۔وزیر موصوفہ نے فلیگ آف کرنے کے بعد بسوں کا بھی معائینہ کیا اور طلبأ کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے طلبأ سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اس ایکسپوز ٹور سے زیادہ سے زیادہ سیکھنے کی کوشش کریں۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ ’وطن کو جانو‘ پروگرام کے تحت جموں و کشمیر کے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے 250 ای ڈبلیو ایس طلبأدہلی، جے پور اور اجمیر کا دورہ کریں گے جہاں وہ تاریخی، ثقافتی اور تعلیمی مقامات کا مشاہدہ کریں گے۔