نائب وزیر اعلیٰ نے اننت ناگ میں ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا

نائب وزیر اعلیٰ نے اننت ناگ میں ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائیزہ لیا

اننت ناگ //نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے ہدایت دی کہ فلاحی اسکیموں کا فائدہ عام لوگوں تک پہنچائے جائیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ اس ضلع میں متنوع ٹپو گرفی ہے اور افسران کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئیے کہ فلاحی اقدامات اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے فوائد نچلی سطح اور آخری فرد تک پہنچ سکیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ اننت ناگ میں ترقیاتی سرگرمیوں کی پیش رفت کے جامع جائیزہ کے دوران افسران سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس اجلاس میں ضلع سے قانون ساز اسمبلی کے ممبران جس میں ایم ایل اے ڈورو غلام احمد میر ، ایم ایل اے کوکر ناگ ظفر علی کھٹانہ ، ایم ایل اے اننت ناگ ویسٹ عبدالمجید بھٹ ، ایم ایل اے بجبہاڑہ بشیر احمد شاہ ویری ، ایم ایل اے شانگس ۔ اننت ناگ ایسٹ ریاض احمد خان اور ایم ایل اے پہلگام الطاف احمد وانی شامل تھے ، نے شرکت کی ۔ اس اجلاس میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر ، متعلقہ محکموں کے سربراہان اور سیکٹرل افسران نے ذاتی اور ورچوئل موڈ کے ذریعے شرکت کی ۔ ابتداء میں ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے ضلع میں ترقیاتی منظر نامے اور جاری کاموں کا ایک تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے انفراسٹرکچر سیکٹر میں کاموں کا جائیزہ لیا جن میں پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ ( پی ڈبلیو ڈی ) ، پردھان منتری گرام سڑک یوجنا ( پی ایم جی ایس وائی ) ، جل شکتی کے پی ڈی سی ایل اور دیگر پروجیکٹ شامل ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے اور مقررہ مدت کے اندر منصوبے کی تکمیل پر زور دیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ زیر التواء پروجیکٹوں کو ترجیح دیں اور تمام شعبوں کے تحت ان پروجیکٹوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں ۔
نائب وزیر اعلیٰ نے صحت ، تعلیم ، سماجی بہبود ، آئی سی ڈی ، پوشن وغیرہ جیسے سماجی شعبوں کا جائیزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ان ترقیاتی اقدامات کے تحت فراہمی کو موثر اور ہمدردانہ نفاذ کو یقینی بنانے اور فائدہ اٹھانے والوں کیلئے قابل رسائی بنانے کی ضرورت ہے ۔ معاشی شعبے میں نائب وزیر اعلیٰ نے مختلف محکموں کا وسیع جائیزہ لیا جن میں لیبر ، جے کے آر ایل ایم ، رورل ڈیولپمنٹ ( منریگا ) ، ماہی پروری ، زراعت ، ڈیری وغیرہ شامل ہیں ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مختلف اسکیموں کے تحت اندراجات یہ شعبے اہم اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ ان شعبوں میں نوجوانوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔ کان کنی کے شعبے کے حوالے سے نائب وزیر اعلیٰ نے ضلع کی معدنی دولت کے پائیدار اور مناسب استعمال پر زور دیا ۔ قانون سازوں نے اپنے اپنے انتخابی حلقوں سے متعلق عوامی اہمیت کے امور کو اجاگر کیا ۔ سماجی و اقتصادی تبدیلی کو یقینی بنانے اور ترقی کو تیز کرنے میں منتخب نمائندوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ منتخب نمائندوں کی تجاویز اور تاثرات کو بھی اسکیموں کی تشکیل کے دوران مدِ نظر رکھنا چاہئیے تا کہ یہ مقامی ضروریات اور مطالبات کی عکاسی کر سکیں ۔