dooran

پہلگام میں غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ 2درجن ہوٹل اوردیگر ڈھانچے سیل

دو دنوں کی کارروائی میں ایک درجن سے زائد تجاوزات کو منہدم کیا گیا

سرینگر//پہلگا میں غیر قانونی طریقے سے تعمیرات کھڑا کرنے کے خلاف سخت اقدام اُٹھاتے ہوئے دو درجن سے زائد ایسے ہوٹلوں کوسیل کردیا گیا ہے جوکہ غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے تھے جبکہ درجنوں دیگر ڈھانچوں کو منہدم کیا گیا ہے ۔ اس بیچ حکام نے ایسے افراد کو سخت تنبیہ دیتے ہوئے خبردار کیا ہے جو ناجائز طریقے سے ہوٹل،دکانات،یامکانات تعمیر کرتے ہیںکہ وہ ایسی حرکتوں سے باز رہیں بشرطیکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق سیاحتی مقام پہلگام کے لڑی دہ وتھو، چاری گام ، شالہ بیرگ ، میں غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے ڈھانچوںکو سیل کردیا گیا جبکہ کئی ایک کو منہدم بھی کیا گیا ہے ۔ ایس ڈی ایم پہلگام ، تحصیلدار سلر ، بی ڈی او پہلگام کی قیادت میں ٹیم نے ایسے 2درجن سے زائد ہوٹل جو ناجائز طور پر تعمیر کئے گئے تھے ۔ جبکہ ایک درجن سے زائد ہوٹل، مکان اور دکانات کو مندہم کیا گیا ہے ۔ اس بیچ وی او آئی نمائندے امان ملک کے ساتھ مقامی لوگوںنے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب یہ تعمیرات بنائی گئی ہیاْس وقت انہیں کیوںنہیں روکا گیا۔ لوگوںنے کہاکہ متعلقہ حکام کی ناک کے نیچے ایسی کارروائیاں انجام دی جارہی تھیں تو اس کی انہیں بھنک بھی نہ پڑے یہ حیرت کی بات ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جب ہوٹل تین چار منزلہ تیار ہوگئے تو انہیں مقفل کیا جارہا ہے یہ کیسا انصاف ہے ۔ ادھر اس ضمن میں جب متعلقہ حکام سے بات کی گئی تو انہوںنے کہا کہ جب بھی انہیں کسی جگہ سے غیر قانونی تجاوزات کی اطلاع ملتی ہے تو وہ فوری طور پر کارروائی کرتے ہیں اور اس کو مسمار کرتے ہیں لیکن لوگ پھر اس کے ایک دو دنوں بعد دوبارہ تعمیراتی سرگرمیاں شروع کردیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جب کسی بھی شہری کے پاس باضابطہ اجازت نامہ ہوگا تو ہم اس کے خلاف کارروائی نہیں کرسکتے ۔ انہوںنے کہا کہ لوگوںکو چاہئے کہ وہ باضابطہ طور پر اجازت نامہ حاصل کرکے اور دیگر لوازمات پورا کرکے تعمیراتی سرگرمیاں انجام دیں بشرطیکہ خلاف ورزی کرنے والوںکوسخت قانونی کارروائی کاسامنا کرنا پڑے گا۔