قانون بافوں کو جدید سٹیل لومز اور آرام دہ نشستوں کے ساتھ فراہم کیا جائے گا

قانون بافوں کو جدید سٹیل لومز اور آرام دہ نشستوں کے ساتھ فراہم کیا جائے گا

’قرعہ اَندازی ‘آئی آئی سی ٹی نوشہرہ کے احاطے میں 18؍ فروری کو ہوگی

سری نگر//اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی (آئی آئی سی ٹی ) ہاتھ سے بْنے ہوئے قالینوں کے معیار کو بہتر بنانے اور قالین بافوں کے لئے آرام دہ نشستوں کا اِنتظام فراہم کرنے کے مقصد سے قالین بافوں میں جدید اور تبدیل شدہ سٹیل قالین لومز تقسیم کرے گا۔ یہ وہ قالین باف ہوں گے جو محکمہ ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈلوم کشمیر کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں۔ مطلوبہ مستفیدین میں 100 مستحق قالین بافوں کا اِنتخاب 18 ؍فروری کو نوشہرہ سری نگر میں آئی آئی سی ٹی کے احاطے میں’ قرعہ اندازی ‘کے ذریعے کیا جائے گا۔ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی سری نگر زبیر احمد نے جاری ایک پریس بیان میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ مرکزی وزارت ٹیکسٹائل کے سینٹرل وول ڈیولپمنٹ بورڈ نے رواں مالی برس 2024-25ء کے لیے ’وول پروسسنگ سکیم‘ کے تحت 100 جدید سٹیل لومز کی تقسیم کی منظوری دی ہے جس کی مجموعی لاگت 43.70 لاکھ ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا ،’’ ان لومز کوآئی آئی سی ٹی نے خاص طور پر قالین بافوں کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن اور جدید بنایا ہے تاکہ وہ دِن بھر کی محنت کے دوران آرام دہ حالت میں کام کر سکیں۔‘‘یہ جدید لومز روایتی لکڑی کے قالین لومز کی جگہ لیں گے جن کی وجہ سے قالین بافوں کو صحت کے متعدد مسائل خاص طور پر شدید کمردرد جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی نے تمام متعلقہ مستفیدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 18 ؍فروری کو صبح 11 بجے آئی آئی سی ٹی نوشہرہ میں ہونے والی’ قرعہ اندازی ‘میں شرکت کریں تاکہ 100 قالین بافوں کا شفاف اور منصفانہ طریقے سے اِنتخاب کیا جا سکے۔