حکومت نے سالانہ ایجوکیشن رپورٹ کی جانچ کرکے خلا کو دور کرنے کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی / ناظم تعلیم کشمیر
سرینگر // محکمہ اسکولی تعلیم نے سرکاری اسکولوں میں 60فیصدی مفت نصابی کتابیں فراہم کی ہے اور اسکولوں کے دوبارہ کھلنے سے پہلے یہ ہدف صد فیصدی مکمل کی جائے گا کی بات کرتے ہوئے ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ حکومت نے سالانہ ایجوکیشن رپورٹ کی جانچ کرکے خلا کو دور کرنے کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی ہے ۔ ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ ایک روڈ میپ تیار کیا جا رہا ہے جبکہ بنیادی ڈھانچے اور سیکھنے کے خلا کو دور کرنے کیلئے ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔سی این آئی کے مطابق سرینگر میں ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا کہ حکومت سالانہ اسٹیٹس آف ایجوکیشن رپورٹ (ASER-2024) کے نتائج کی جانچ کر رہا ہے اور ایک روڈ میپ تیار کیا جا رہا ہے جبکہ بنیادی ڈھانچے اور سیکھنے کے خلا کو دور کرنے کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا ’’ حالیہ سروے رپورٹ جس میں بنیادی ڈھانچے کے فرق اور سیکھنے کے نتائج کے لحاظ سے اسکولوں کی ایک خوفناک تصویر دکھائی گئی تھی ہم اس کا جائزہ لے رہے ہیںجبکہ اس سلسلے میں ایک ٹیم بھی تشکیل دی ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا ’’انتظامی سطح پر ایک میٹنگ بھی کی گئی تھی اور بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کے علاوہ ایس سی ای آر ٹی اور ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اساتذہ کی استعداد کار میں کمی کو دور کریں‘‘۔ڈاکٹر ایتو نے کہا ’’ٹیمیں اس پر ہیں، اور ہمیں یقین ہے کہ ہم حکومت کو ایک جامع روڈ میپ پیش کریں گے۔ حکومت بھی اس کے لیے سنجیدہ ہے۔لیکن میں یہ بھی کہہ سکتا ہوں کہ سروے میں اچھی چیزیں بھی ہیں ہم قومی سطح کے مقابلے میں کچھ سطحوں پر اچھا کام کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ تاہم، جہاں بھی ہم کمزور ہیں، ہم نے کشمیر یونیورسٹی، سٹیٹ کونسل آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ٹرسٹ ، بورڈ آف اسکول ایجوکیشن اور این جی اوز کے ساتھ ہم آہنگی کی ہے، کیونکہ وہ سیکھنے کے نتائج کے ماہر ہیں۔ناظم تعلیم نے کہا’’ان کے ساتھ، ہم ایک روڈ میپ بنائیں گے، اسے حکومت کو پیش کریں گے، اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اس پر سختی سے عمل کیا جائے‘‘۔سرکاری اسکولوں میں تدریسی کتابو ں کی کمی کے بارے میںپوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محکمہ اسکولی تعلیم نے سرکاری اسکولوں میں 60فیصدی مفت نصابی کتابیں فراہم کی ہے اور اسکولوں کے دوبارہ کھلنے سے پہلے یہ ہدف صد فیصدی مکمل کی جائے گا ۔ ناظم تعلیم نے کہا ’’ماہ نومبردسمبر کے تعلیمی سیشن کی 9ویں جماعت تک بحالی بہت کم وقت میں کی گئی۔ جموں کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن کو زمینی کام کیلئے کافی وقت نہیں ملا لیکن اب تک کم از کم 60 فیصد مفت نصابی کتب سرکاری اسکولوں تک پہنچ چکی ہیں اور تقسیم کا عمل ایک ساتھ جاری ہے۔










