شبانہ سردیوں کا راج بدستور جاری ، گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ درج
سرینگر// پیر پنچال کے آر پار ہوئی برفباری اور بارشوں کے بعد اتوارکی صبح موسمی صورتحال میں بہتری آئی لیکن سردیوں کا زور بدستور جاری ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے آئندہ کچھ دنوں تک ابر آلود موسم صورتحال کے ساتھ 5فروری کے بعد دوپہر سے 5فروری تک کچھ ایک بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ دیگر علاقوں میںہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق پیر پنچال کے آر پارہوئی برفباری کے بعد اتوارکی صبح سے موسم میں بہتری آئی ۔ سنیچروار اور اتوار کی درمیانی رات سے بارشوں اوربرفباری کا سلسلہ تھم گیا۔ اگرچہ دن بھر بیشتر اوقات موسم ابر آلود رہا اور ٹھنڈی ہوائیںجاری رہی تاہم کہیں سے بھی بارشوںیا برفباری کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری اور بارشوں کے بعد وادی کشمیر کے شبانہ درجہ حرارت میں کافی کمی درج ہوئی ہے اور شہر ہ آفاق گلمرگ کے ساتھ جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں ریکارڈ توڑ ٹھنڈ درج ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہرہ آفاق گلمرگ میں اتوار کی صبح تک5.1 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ پہلگام میں 2.8 سینٹی میٹر اور کپوارہ میں 2.5 سینٹی میٹر برف ریکارڈی ہوئیی ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی یا عام طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جبکہ شہرہ آفاق گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ کپوارہ میں 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ کے مطابق لداخ کے لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔پیشنگوئی کے بارے میںمحکمہ موسمیات نے بتایا کہ موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے اور کچھ اونچائی پر بہت ہلکی برفباری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ 4سے 5 فروری تک جموں و کشمیر کے کئی مقامات پر ہلکی سے در میانی درجے کی برفباری اور بارش کا امکان ہے۔










