ایک پُر اَمن اور مطمئن زندگی گزارنے کیلئے بزرگوں اور سنتوں کی تعلیمات پر عمل کریں۔ نائب وزیرا علیٰ

ایک پُر اَمن اور مطمئن زندگی گزارنے کیلئے بزرگوں اور سنتوں کی تعلیمات پر عمل کریں۔ نائب وزیرا علیٰ

جموں//نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے سماج کو جامع بنانے میں بزرگوں اورسنتوں کے رول کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں روحانی اور بہتر زندگی گزارنے کے لئے اُن کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے۔اِن باتوں کا اظہار اُنہوںنے آج یہاں بشناہ میں ست گورو روی داس جی مہاراج کے 684 ویں پرکاش اُتسو کی شوبھا یاترا کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔نائب وزیرا علیٰ نے ست گورو روی داس جی مہاراج کے دُور اندیش رول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ان کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارا ملک خوش قسمت رہا ہے کہ ہمارے پاس سنتوں ، بزرگوں ، صوفیوں کی بہتات ہے جنہوں نے اَپنی تعلیمات سے سماجی اِصلاح اور تبدیلی کو یقینی بنانے میں بہت بڑا رول اَدا کیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا ،’’ ہم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم جامعیت کو وسعت دینے کے پیغام کو پھیلائیں اور اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ اُن کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ رہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں سنتوں،بزرگوں اور صوفیوں کا اہم رول رہا ہے جنہوں نے سماجی مساوات اور برابری کے تصورات کو فروغ دینے میں نمایاں کردار اَدا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ان بزرگوں ، سنتوں اور صوفیوں کی تعلیمات نے معاشرتی ہم آہنگی ، محبت اور اَمن کے اَصولوں کو اُجاگر کیا جو آج بھی ہمارے لئے رہنمائی کا باعث ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ان بزرگوں اور سنتوں کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہمیں سماجی مساوات اور برابری کے اَصولوں کو اَپنانا چاہیے تاکہ ہم ایک پُر اَمن اور مطمئن زندگی گزار سکیں۔اِس سے قبل نائب وزیرا علیٰ سریندر کمار چودھری نے آشرم میں حاضری دی۔ اُنہوں نے ملک اوربالخصوص جموں و کشمیر کے اَمن اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے عقیدت مندوں سے بات چیت بھی کی۔